نئی دہلی ( ورق تازہ نیوز )۔ مہاتما گاندھی کے یوم شہادت کے موقع پر علیگڑھ میں ہندو مہاسبھا کے ذریعہ ” شٙور دیوس” ( یوم بہادری)۔منانے ، گاندھی جی کے مجسمے کو گولی مارنے و گاندھی جی کے قاتل دہشت گرد ناتھو رام گوڈسے کی گلپوشی و عزت افزائی کئے جانے کے خلاف سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا نے ہندو مہا سبھا کی شیطانی اور شر انگیز حرکت کے خلاف ملک بھر میں احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ہندو مہاسبھا کی مذکورہ مذموم حرکت کے خلاف ایس ڈی پی آئی دہلی اکائی نے دہلی صوبائی آرگنائزر ڈاکٹر نظام الدین خان کی قیادت میں جنتر منتر پر احتجاجی مظاہر ہ کیا اور صدر جمہوریہ ہند کو میمو رینڈم دیا گیا۔میمورینڈم میں کہا گیا ہے کہ 30 جنوری گاندھی جی کے یوم شہادت پر اتر پردیش کے علیگڑھ میں ہندو مہا سبھا کے ذریعہ جو حرکت کی گئی ہے وہ قابل مذمت جرم ہے۔جس سے ملک میں عوامی غصہ ہے۔اس سے قبل بھی ہندو مہاسبھا کے ذریعہ مسلسل اس طرح کی مذموم کوششیں ہوتی رہی ہیں۔لیکن کبھی بھی اس طرح کے سماجی و فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو بگاڑنے والوں کے خلاف صوبائی یا مرکزی حکومت نے کوئی کاروائی نہیں کی جس سے ان کے حوصلے بلند ہیں۔ہماری سرکاروں کو چاہئیے کہ وہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی، سماجی و آپسی بھائی چارہ کو بگاڑنے والی ایسی تنظیموں پر نگرانی رکھتے ہوئے ان کے خلاف سخت قانونی کاروائی کریں۔

میمورینڈم میں صدر محترم سے اپیل کی گئی ہے کہ اس معاملے کو سنجیدگی سے لیں اور ہندو مہا سبھا کے ان اراکین جو اس مذموم حرکت میں شامل تھے ان پر قانونی کاروائی کرتے ہوئے ملک سے غداری کا مقدمہ درج کرکے فوری طور پر گرفتار کیا جائے ۔جس سے مستقبل میں اس طرح کی مذموم حرکت کو دہرایا نہ جا سکے۔اس موقع پر ایس ڈی پی آئی کے قومی سکریٹری ڈاکٹر تسلیم احمد رحمانی، پاپولر فرنٹ آف انڈیا کے صوبہ دہلی کے سیکرٹری محمد الیاس وغیرہ نے مظاہرین کو خطاب کیا اور مذکورہ بالا واقعہ کی پرزور مذمت کی۔مظاہرین نے اس موقع پر ناتھو رام گوڈسے کے پتلے کو پھانسی دیکر اپنے غم و غصے کا اظہار کیا اور مودی و یوگی کے خلاف جم کر نعرے بازی کی۔اس احتجاجی مظاہرے میں ایس ڈی پی آئی کے سیکڑوں کارکنان نے شرکت کی۔