ملک میں تین کورونا ویکسین انسانی آزمائشوں کے مختلف مراحل میں، تین دیگر پری کلینیکل مرحلے میں

نئی دہلی، 25 اگست (یو این آئی) اس وقت ملک میں کورونا وائرس کووڈ19 کی تین ویکسین انسانی آزمائش کے مختلف مراحل میں ہیں، جبکہ تین دیگر ویکسین پری کلینیکل مرحلے میں ہیں ہندوستانی کونسل آف میڈیکل ریسرچ (آئی سی ایم آر) کے ڈائریکٹر جنرل بلرام بھارگو نے منگل کے روز منعقدہ صحت اور کنبہ بہبود کی مرکزی وزارت کی پریس کانفرنس میں بتایا کہ

اس وقت ملک میں تین کورونا ویکسین انسانی تجربے کے مختلف مراحل میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پونے میں سیرم انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا کے ذریعہ تیار کی جانے والی ویکسین انسانی تجربے کے دوسرے اور تیسرے مرحلے میں ہے۔ 1700 مریضوں پر ٹیسٹ کیا جانا ہے۔ یہ ویکسین برطانیہ کی آکسفورڈ یونیورسٹی اور دوا ساز کمپنی آسٹرا زینیکا نے تیار کی ہے اور سیرم انسٹی ٹیوٹ کو اس کی تیاری اور ذخیرہ کرنے کی اجازت ملی ہوئی ہے۔

ڈاکٹر بھارگو نے بتایا کہ دوسری ویکسین بایوٹیک کمپنی انڈیا بایوٹیک کی ہے، جو انسانی آزمائش کے پہلے مرحلہ سے گزر چکی ہے۔ پہلے مرحلے میں 375 افراد پر ویکسین کا ٹیسٹ کیا گیا ہے۔ انڈیا بایوٹیک مرحلہ دو کی انسانی آزمائشوں کو انجام دینے والی ہے۔

تیسری ویکسین دواساز کمپنی جوائنڈس کیڈیلا کی ہے اور اس نے انسانی آزمائشوں کا پہلا مرحلہ بھی مکمل کرلیا ہے۔ اس نے پہلے مرحلے میں 45 سے 50 افراد پر ویکسین کا تجربہ کیا ہے۔ یہ دوسرے مرحلے کی جانچ کرنے والی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جانچ کے مختلف مراحل کو سمجھنا ضروری ہے۔ اس کے تحت پہلے رضاکار کو ویکسین کی ایک خوراک دی جاتی ہے اور دوسری خوراک 14 یا 28 دن بعد دی جاتی ہے۔ کم از کم دو یا چار ہفتوں کے بعد ان کے خون میں موجود انٹی باڈیز کی جانچ کی جاتی ہے تاکہ معلوم کیا جا سکے کہ وہ پیدا ہوئے ہیں یا نہیں۔