مظفر نگر میں ’آنر کلنگ‘، محبت کی شادی سے ناراض بھائی نے کیا بہن کا قتل

مغربی اتر پردیش کے مظفر نگر میں ایک اندوہناک واقعہ سامنے آیا جب اپنے ہی بھائی نے بہن کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔ خبروں کے مطابق یہ قتل خاندان کی عزت کی خاطر کیا گیا، یعنی یہ پوری طرح سے ’آنر کلنگ‘ کا واقعہ بتایا جا رہا ہے۔ اس واقعہ کے بعد گاؤں میں پولس سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے تاکہ معاملہ مزید طول نہ پکڑے۔

پولس نے اس واقعہ کے تعلق سے بتایا کہ 20 سالہ ایک لڑکی کا قتل ہوا ہے اور قاتل اس کا بھائی ہے۔ پولس کا کہنا ہے کہ لڑکی نے اپنے خاندان کی مرضی کے خلاف پسند کے لڑکے سے شادی کی تھی۔ شادی کے بعد وہ پہلی مرتبہ اپنے گھر آئی جب اس کے بھائی نے غصے میں اس کا قتل کر دیا۔ پولس سپرنٹنڈنٹ (دیہی) نیپال سنگھ کا کہنا ہے کہ واقعہ اتوار کی رات کو جانسٹھ تھانہ علاقہ کے کوال گاؤں میں پیش آیا۔ انھوں نے مزید بتایا کہ لڑکی مسلم طبقہ سے تعلق رکھتی تھی اور اس نے تین مہینے پہلے ہی مسلم طبقہ سے ہی تعلق رکھنے والے شہباز سے شادی کی تھی اور اس کے ساتھ ہنسی خوشی زندگی گزار رہی تھی۔

نیپال سنگھ نے میڈیا کو یہ بھی بتایا کہ لڑکی جب اپنے والدین کے گھر پہنچی تو اس کا اپنے بھائی سے جھگڑا ہو گیا۔ بھائی نے اپنی بہن کو کافی کچھ برا بھلا کہا اور پھر غصے میں اس پر گولی چلا دی۔ لڑکی کی موت کی خبر علاقے میں تیزی کے ساتھ پھیل گئی۔ جب اس کی خبر پولس تک پہنچی تو ملزم کے خلاف معاملہ درج کیا گیا۔ اس وقت ملزم بھائی فرار ہے اور لڑکی کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔ کوال گاؤں میں احتیاطی طور پر پولس کی سیکورٹی سخت کر دی گئی ہے۔

یہ ایک سینڈیکیٹیڈ فیڈ ہے ادارہ نے اس میں کوئی ترمیم نہیں کی ہے. – Source بشکریہ قومی آواز بیورو—-

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading