سری نگر، 29 اکتوبر (یو این آئی) جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام میں جمعرات کی شام دیر گئے مشتبہ جنگجوئوں کے حملے میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے تین کارکن جاں بحق ہوئے۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جنوبی ضلع کولگام کے وائی کے پورہ میں مشتبہ جنگجوئوں نے جمعرات کی شام دیر گئے بی جے پی کے تین کارکنوں پر فائرنگ کی۔انہوں نے بتایا کہ تینوں زخمی کارکنوں کو نزدیکی ہسپتال لے جایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔مہلوکین کی شناخت بی جے پی یووا مورچہ کے ضلعی جنرل سکریٹری فدا حسین ایتو، عمر رشید بیگ اور عمر رمضان حنان کے طور پر ہوئی ہے۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ حملے کے فوراً بعد علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا گیا۔انہوں نے مزید کہا کہ واقعے کی نسبت متعلقہ پولیس تھانے میں مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کی گئی ہیں۔دریں اثنا بی جے پی جموں و کشمیر یونٹ کے ترجمان الطاف ٹھاکر نے پارٹی کارکنوں پر حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔