مسلمانوں کو ریزرویشن دیئے جانے کا مطالبہ جائز :جرانگے پاٹل

اورنگ آباد : ۸۲ دسمبر۔مسلمانوں کو عدلیہ کے احکامات کے مطابق شعبہ تعلیم میں 5فیصد ریزرویشن دیئے جانے کا مطالبہ کئے جانے کے لئے 17دسمبر کو سرکاری ریسٹ ہاﺅس ناندیڑ میں میٹنگ منعقد کی گئی تھی ، جس میں بڑی تعداد میں شہر کے ذمہ داران نے شرکت درج کروائی تھی ۔ اس میٹنگ میں مسلم ریزرویشن کے مطالبے کی یکسوئی کے لئے مسلسل جدوجہد کرنے کا عزم کیاگیا۔ اور ساتھ ہی مختلف موضوعات کے تحت کمیٹیاں قائم کرنے کی قرار داد منظور کی گئی تھی ۔

اسی سلسلہ میں سکھل مراٹھا سماج کی جانب سے منوج جرانگے پاٹل کی قیادت میں چلائی جارہی مراٹھا ریزرویشن کی مہم کو تائید اور حمایت دینے کے لئے نیز مسلم ریزرویشن کے مطالبے پر رائے ہموار کرنے کے لئے منوج جرانگے پاٹل سے ملاقات کرنے بھی طئے کیاگیا تھا۔ تب سے یہ مسلسل کوشش کی جارہی تھی کہ منوج جرانگے پاٹل کا وقت مل سکے ۔ ۷۲ دسمبر کی رات دیر گئے جرانگے پاٹل اورنگ آباد کے گیلسی دواخانہ میں داخل کئے جانے کی اطلاع موصول ہوئی ، رات دیر گئے ہی ، جرانگے پاٹل کے ساتھیوں سے رابطہ قائم کیاگیا۔ اور ملاقات کے لئے وقت طلب کیاگیا ،

اس درمیان نصف شب کو یہ بتایا گیا کہ جرانگے پاٹل ۸۲ دسمبر کی صبح یعنی آج جمعرات کے روز ۰۱ بجے ملاقات کرسکیں گے اور اس کے بعد وہ فوری اورنگ آباد سے روانہ ہوجائیں گے۔ رات دیر گئے موصول اطلاع کے مطابق ممکنہ طور پر احباب سے رابطہ قائم کرنے کی کوشش کی گئی چونکہ نصف شب گزرچکی تھی اس لئے تمام سے رابطہ قائم نہیں ہوسکا ، چند ایک سے رابطہ قائم کرنے پر بعض احباب نے ارجنٹ سفر کرنے سے معذرت چاہ لی ۔ اور اس طرح 4افراد پر مشتمل ایک وفد الصبح 4بجے اورنگ آباد کے لئے روانہ ہوگیا۔ جس میں بشیر ماجد ، ڈاکٹر مجاہد خان ، الطاف ثانی اور مرزا نواب بیگ شامل تھے۔

صبح 11بجے گیلسی دواخانہ اورنگ آباد پہنچنے کے بعد منوج جرانگے پاٹل سے ملاقات ہوئی ۔ اور وفد نے انہیں مسلمانوں کے ریزرویشن پر آواز بلند کر نے کے لئے اظہار تشکر پر مبنی مکتوب پیش کیا ۔ اور ان سے اظہار تشکر کرتے ہوئے مسلم ریزرویشن پر مسلسل تائید و حمایت جاری رکھنے کی اپیل کی گئی ۔ جس پر منوج جرانگے پاٹل نے وفد کو تیقن دیا کہ سکل مراٹھا سماج بیدار ہوچکا ہے، اور پوری طاقت کے ساتھ و ہ اس مہم میں جٹ گیا ہے ۔

ہم دھنگر اور مسلم ریزرویشن پر بھی مثبت رائے رکھتے ہیں اور اس سلسلہ میں حکومت سے نمائندگی کی جائے گی ۔ نیز انہوں نے کہاکہ مسلم سماج کی صورتحال دیگر طبقات کے مقابلے میں معاشی ، تعلیمی سطح پر کمزور ہوئی ہے اور مسلمانوں کوریزرویشن دینے کا مطالبہ بڑی حد تک جائز اور درست ہے ۔ واضح رہے کہ چار دن قبل ہی منوج جرانگے پاٹل نے Tv9کو دیئے گئے انٹرویو میں مسلم ریزرویشن کی حمایت کا اعلان کیا تھا ، اسی بنیاد پر ناندیڑ کے وفد نے ان سے ملاقات کر اظہار تشکر کیاہے۔