نئی دہلی:31/مئی ۔ ۔مودی حکومت نے ملک میں 40 میڈیکل کالجوں کی منظوری منسوخ کر دی ہے۔ اس کے ساتھ ہی مرکزی حکومت نے 150 میڈیکل کالجوں کو نگرانی میں رکھا ہے جس کا مطلب ہے کہ جلد ہی ان کے خلاف کارروائی کی جا سکتی ہے۔ ذرائع کے مطابق تحقیقات کے دوران ان کالجوں کے ساتھ ساتھ سسٹم میں بھی کئی قسم کی خرابیاں سامنے آنے پر حکومت نے یہ قدم اٹھایا ہے۔ نیشنل میڈیکل کمیشن کے یو جی بورڈ نے یہ معائنہ کیا، جس کے بعد ان کالجوں کی شناخت منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق، کالج مقررہ اصولوں پر عمل نہیں کر رہے ہیں اور کمیشن کے معائنہ میں سی سی ٹی وی کیمروں، آدھار سے منسلک بائیو میٹرک حاضری کے عمل اور فیکلٹی رولز سے متعلق کئی خامیاں پائی گئی ہیں۔ اس لیے مرکزی حکومت کالجوں کے لیے سخت قدم اٹھا رہی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 2014 کے بعد سے میڈیکل کالجوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ وزیر مملکت برائے صحت بھارتی پروین پوار نے فروری میں راجیہ سبھا کو بتایا تھا کہ 2014 میں 387 میڈیکل کالج تھے، لیکن اب ان کی تعداد 69 فیصد بڑھ کر 654 ہو گئی ہے۔
اس کے علاوہ، ایم بی بی ایس کی نشستوں میں 94 فیصد اضافہ ہوا ہے، جو کہ 2014 سے پہلے 51,348 نشستوں سے اب 99,763 تک پہنچ گئی ہے۔ پی جی سیٹوں میں 107 فیصد اضافہ ہوا ہے، جو کہ 2014 سے پہلے 31,185 سیٹوں سے اب 64,559 ہو گئی ہے۔
کون سے کالجوں کو غیر تسلیم شدہ قرار دیا ہے؟
مرکزی حکومت نے 40 میڈیکل کالجوں کو منسوخ کر دیا۔ ان کا تعلق گجرات، آسام، پڈوچیری، تامل ناڈو، پنجاب، آندھرا پردیش، تریپورہ اور مغربی بنگال کی ریاستوں سے ہے۔ اس کے علاوہ باقی 150 میڈیکل کالجوں کی تحقیقات جاری ہیں۔ مرکزی حکومت کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ اگر تحقیقات کے دوران ان کالجوں میں غلطیاں پائی گئیں تو ان کی شناخت بھی منسوخ کر دی جائے گی۔