گزشتہ چند دنوں سے مرٹھواڑہ میں طوفانی بارش نے تباہی مچا رکھی ہے۔ آج بھی محکمہ موسمیات نے شدید بارش کی پیش گوئی کی ہے۔پر بھنی، بیڈ، ناندیڑ اور ہنگولی اضلاع کے لیے اورنج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ ان تمام علاقوں میں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ اس دوران ہوا کی رفتار 40 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ رہنے کی توقع ہے۔
اورنگ آباد، جالنا، دھاراشیو (عثمان آباد) اضلاع کے لیے یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ ان علاقوں میں بھی 40 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں گی اور گرج چمک کے ساتھ زور دار بارش کا امکان ہے۔
مرٹھواڑہ میں درجہ حرارت میں کمی واقع ہوئی ہے۔ اس وقت تمام اضلاع میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 30 سے 32 ڈگری سیلسیس کے درمیان ہے۔ سمبھاجی نگر شہر میں بھی پیر کو بارش ہوئی تھی، اور آج بھی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ دن بھر مطلع ابر آلود رہے گا۔
گزشتہ چند دنوں کی بارش نے کسانوں کو بھاری نقصان پہنچایا ہے۔ اب دوبارہ شدید بارش کی وارننگ جاری کی گئی ہے، اس لیے کسانوں کو اپنی فصلوں کی مناسب دیکھ بھال کرنی ہوگی۔