ممبئی:ریاست بھر میں اس وقت موسلا دھار بارش نے تباہی مچا دی ہے۔ مرٹھواڑہ اور وسطی مہاراشٹر میں بادل پھٹنے جیسی بارش کے باعث فصلوں کا زبردست نقصان ہوا ہے۔ کسانوں کی زمینیں بھی بہہ گئی ہیں۔ مرٹھواڑہ کے اکثر اضلاع میں رات بھر کی بارش نے قہر برپاکیا ہے۔ اس بارش سے ندی نالوں میں طغیانی آ گئی ہے اور کئی گاؤں کے گھروں میں پانی داخل ہو گیا ہے۔ لاتور، بیڑ، دھاراشیو، چھترپتی سنبھاجی نگر، جلگاؤں، پربھنی اور ہنگولی جیسے اضلاع میں بے تحاشا بارش ہوئی ہے۔ کئی سڑکیں ندیوں میں تبدیل ہو چکی ہیں اور متعدد گاؤں کا رابطہ ٹوٹ گیا ہے۔
پرھنی میں کل رات ہوئی طوفانی بارش نے روایتی فصلوں کے ساتھ ساتھ نقد آور فصلیں بھی برباد کر دیں۔ لاتور میں نصف شب سے شروع ہونے والی طوفانی بارش نے ہر طرف پانی ہی پانی کر دیا ہے۔ رات بھر کی شدید بارش کے بعد بھیٹا آندورہ گاؤں کا رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔ جلانہ میں رات بھر برسات کے بعد ندی نالے آپس میں مل گئے ہیں۔ کھیت پانی میں ڈوب گئے ہیں اور کئی گھروں میں پانی گھس گیا ہے۔ امبڈ تعلقہ کے کئی گاؤں کا بھی رابطہ ٹوٹ گیا ہے۔
بیڑ ضلع میں بھی نصف شب کو دوبارہ موسلا دھار بارش نے قہر ڈھایا۔ شِرور کاسر میں زبردست بارش ہوئی جس سے سندفنا ندی میں باڑھ آ گئی اور یہ پانی اطراف کے گھروں اور دکانوں میں داخل ہو گیا۔ شِرور شہر سے گزرنے والی سندفنا ندی نے خوفناک شکل اختیار کر لی ہے، جس پر تحصیل انتظامیہ نے شہریوں کو محتاط رہنے کی اپیل کی ہے۔ اچانک ہوئی اس بارش نے بآڑ جیسی صورتحال پیدا کر دی ہے۔ گھروں کے ساتھ ندی کنارے کی دکانیں بھی پانی میں ڈوب گئی ہیں۔ خوش قسمتی سے کسی جانی نقصان کی خبر نہیں ہے۔
بیڑ کے شِرور میں سندفنا ندی کے خوفناک قہر سے نصف شب کو ندی کنارے کے علاقوں میں افراتفری مچ گئی۔ کئی گھروں اور دکانوں میں پانی بھر گیا ہے اور بھاری نقصان ہوا ہے۔