ممبئی: (ورق تازہ نیوز)مہاراشٹر میں ایک بار پھر بارش نے زور پکڑ لیا ہے، جس کے باعث ریاست کو بھاری نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔ سب سے زیادہ نقصان مرٹھواڑہ اور مغربی مہاراشٹر میں ہوا ہے، جبکہ ودربھ کے کسانوں کو بھی بڑا دھچکا پہنچا ہے۔ ریاست میں جاری موسلا دھار بارش کے باعث کئی اضلاع میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ متعدد گاؤں پانی میں گھِر گئے ہیں اور رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔ کچھ مقامات پر لوگ سیلابی پانی میں پھنسے ہوئے ہیں جبکہ کئی پل پانی میں ڈوب جانے سے ٹریفک بھی ٹھپ ہو گئی تھی اسی دوران تشویشناک خبر یہ ہے کہ اگلے کچھ دنوں تک بارش کا زور برقرار رہنے کا امکان ہے، جس کی اطلاع محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے دی ہے۔
ادھر بھارتی محکمہ موسمیات نے ایک بار پھر مہاراشٹر میں شدید بارش کا انتباہ جاری کیا ہے۔ محکمہ کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں میں بارش کی شدت مزید بڑھ سکتی ہے۔ اس صورتحال کے پیش نظر شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران مرٹھواڑہ، ودربھ، مغربی مہاراشٹر، کُنکن اور شمالی مہاراشٹر کے تمام علاقوں میں موسلا دھار بارش کا امکان ہے اور ہر جگہ یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق کل مرٹھواڑہ میں ناندیڑ کے علاوہ تمام سات اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ شدید بارش ہونے کا امکان ہے۔ دوسری جانب ودربھ میں بھی کل بارش کی شدت میں اضافہ ہوگا۔ ودربھ کے لیے بھی یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ گڑچیرولی، واشم، وردھا، چندرپور، بُلہانہ اور یوتمل کے چھ اضلاع میں منگل کے روز شدید بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
مغربی مہاراشٹر کے لیے بھی اگلے 24 گھنٹے نہایت اہم ہیں۔ ستارا، کولہاپور، سانگلی، پونے اور سولاپور اضلاع میں شدید بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ شمالی مہاراشٹر میں بھی یلو الرٹ جاری ہوا ہے اور یہاں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔