ناندیڑ:22جنوری ۔(ورق تازہ نیوز) آج ناندیڑ کے معروف تعلیمی ادارہ مدینة العلوم ہائی اسکول میں شاندار تقسیم انعامات کی تقریب منعقد ہوئی. جس میں صدر مدرس محمد اقبال احمد سر، انچارج معلّم سید جاوید علی سر اور انچارج معلّمہ خان نکہت یاسمین میڈم موجود تھے. 19 جنوری 2019 کو سندیپانی پبلک اسکول ناندیڑ میں سائنسی اور تخلیقی صلاحیتوں کی آبیاری کے پیش نظر آٹھویں بین المدارس علاقائی سطح کی بڑی سائنسی نمائش کا انعقاد عمل میں آیا تھا۔ جس میں اسکول ہذا کے ہونہار طالبات فاطمہ ابتسام محمد عبدالحق اور ضویبہ نکہت محمد معیز الدّین کے سائنسی ماڈل Aqua Ponic Plantation نے بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے دوّم پوزیشن حاصل کی تھی. اسی ضمن میں آج اسکول ہذا میں معلّمہ محمدی عظمیٰ خان کی زیر نگرانی میں انچارج معلّمہ خان نکہت یاسمین میڈم کے ہاتھوں ان ہونہار طالبات کو بہترین میڈلس و انعامات اور توصیف نامہ سے نوازا گیا اور دیگر طالبات کو خصوصی ترغیبی انعامات و شرکت کے توصیفی اسناد دے کر ان کی حوصلہ افزائی کی گئی. تقریب تقسیم انعامات کو کامیاب منعقد کرنے پر اسکول ہذا کے صدر مدرس محمد اقبال احمد سر نےتمام نمایاں کامیابی حاصل کر نے وا لے ہونہار طالبات اور بالخصوص سائنس مضمون کے اساتذہ کرام و دیگر تدریسی و غیر تدریسی عملہ کی انتھک محنت و کاوشوں کی پذیرائی کرتے ہوئے انھیں مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ہمارے اسکول کے محنتی اساتذہ کرام نہ صرف طلبہ و طالبات کی تعلیم و تربیت بلکہ ان کی کردار سازی پر بھی خصوصی توجہ دیتے ہیں. آج کے بچے کل کا مستقبل ہیں، اساتذہ کرام ان میں چھپی ہوئی صلاحیتوں کو اجاگر کرکے انھیں اس قابل بناتے ہیں کہ وہ اپنے وطن، شہر اور اسکول کا نام روشن کریں۔ انھوں نے کہا کہ مسلسل جدوجہد اور محنت کے ذریعہ کامیابی کا لوہا منوایا جا سکتا ہے. جس کی عمدہ مثال ہماری ہونہار طالبات ہیں جنھوں نے نئے سال کی شروعات میں سندیپانی پبلک اسکول ناندیڑ میں منعقدہ علاقائی سطح کی آٹھویں بڑی بین المدارس سائنسی نمائش میں دوّم انعامی ٹرافی لے کر اپنی اختراعی سوچ و تخلیقی صلاحیت کا لوہا منوا کر قائم کی ہے جو کہ خوش آئند بات ہے. یہ تقریب میری زندگی کا بہترین لمحہ ہے. علاوہ ازیں انھوں نے طالبات کو تعلیم کی اہمیت و افادیت اور غرض و غایت سے بھی روشناس کروایا.