ماب لنچنگ کی روک تھام کے لئے علماء شہر پونہ اور رضا اکیڈمی ممبئی کے درمیان خصوصی میٹنگ

پونہ: (نسیم رضا قادری) شہر پونہ کی معروف درگاہ یاسین جھک پہ دارالعلوم غریب نواز کے ھال میں علماء و ائمہ مساجد شہر پونہ اور رضا اکیڈمی ممبئی کے درمیان ملک میں بڑھتے ہوئے ماب لنچنگ (ہجومی تشدد) کے واقعات و مظالم کو کس طرح روکا جائے؟ کے عنوان پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل جمعہ 19 جولائی کو علماء اہلسنت پونہ کی پیہم کوششوں سے صدر جمہوریہ ہند کے نام ہجومی تشدد کی روک تھام کے لیے جو میمورینڈم پیش کیا گیا وہ کافی مقبول اور عام ہوا، پرنٹ میڈیا سے لیکر سوشل میڈیا تک کثرت سے شئیر ہوا .

اس اقدام سے ملک کے دیگر حصوں میں اقلیتوں کو نہ صرف ہمت و حوصلہ ملا ہے بلکہ حکومت پر ایک طرح کا دباؤ بھی پڑ رہا ہے، علماء و دانشور طبقہ میں اسے کافی پژیرائی بھی مل رہی ہے،

خدا کا شکر ہے کہ ملت کی آواز حکومتی ایوانوں تک پہنچ چکی ہے، بہت جلد سرکار اس کے خلاف اقدام کرکے آرڈیننس لانے والی ہے۔

علماء اہلسنت پونہ کے اس اقدام کو مزید تقویت دینے کے لیے رضا اکیڈمی ممبئی کے جنرل سیکرٹری الحاج محمد سعید نوری صاحب نے پونہ میں علماء سے ایک خصوصی ملاقات کے ذریعہ ایک اہم میٹنگ بھی لی۔ ملت و قوم کے حوالے سے ملک میں تازہ ترین سلگتے مسائل خصوصاً ماب لنچنگ پر تبادلہ خیال کیا، مستقبل کے لیے لائحہ عمل طے کیا، نیز آئیندہ باہم مل بیٹھ کر سماجی ملی اور قومی مسائل کو حل کرنے اور اس کے لیے حکومتی سطح پر پرزور آواز بلند کرنے کی تائید کی۔

آج ہندوستانی مسلمان بے شک کئی محاذوں پر پچھڑا ہوا ہے، تعلیم سے لے کر سیاست تک اقتصادیات سے لیکر کاروبار و باوقار عہدوں تک۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ قوم! علماء کو اعتماد میں لے، حرف بحرف انکی قیادتِ قبول کرے، منزل بمنزل اپنا رہنما و محسن سمجھے، باہم تال میل سے ہی ملک کی فضا پرامن ہوگی اور اقلیتوں خصوصاً مسلمانوں کو صحیح معنوں میں سر اٹھا کر جینے کا حق مل سکے گا۔

مذکورہ میٹنگ میں چند نکات پر غور و خوض کیا گیا ساتھ ہی یہ بھی طے پایا کہ پورے مہاراشٹرا لیول کے علماء اہلسنت کے ذریعے مشترکہ احتجاج (ماب لنچنگ کے خلاف) درج کرایا جائے، جس کے لیے ممبئی کی سرزمین سے آواز باد گشت کی جائے، صوبہ کے مختلف اضلاع کے علماء اپنا اپنا وفد عروس البلاد ممبئی روانہ کریں اور بیک زباں ہوکر حکومت کو ملک میں پیش آمدہ ہجومی تشدد کے واقعات پر قدغن لگانے اور جلد از جلد ایکشن لینے کے لیے مجبور کریں۔ انشاءاللہ آنے والے ہفتہ دیڑھ ہفتہ میں کسی ایک تاریخ کو اس کے لیے خاص کر لیا جائے گا۔

(رپورٹ: نسیم رضا قادری، پونہ)

Leave a comment