لیونل میسی کے والد نے سعودی کلب الہلال سے معاہدے کی افواہوں کی تردید کردی

ارجنٹائن کے اسٹار فٹ بالر لیونل میسی کے والد نے سعودی عرب کےالہلال کلب سے معاہدے کی افواہوں کی تردید کردی ہے اور کہا ہے کہ میسی نے اگلے سیزن میں سعودی عرب میں کھیلنے کے معاہدے پر دست خط کیے ہیں اور نہ ہی اس پررضامندی ظاہر کی ہے۔پیرس سینٹ جرمین کلب (پی ایس جی) کی طرف سے کھیلنے والے میسی کے مستقبل کے بارے میں حالیہ دنوں میں کافی قیاس آرائیاں کی گئی ہیں کیونکہ فرانس کی لیگ ون ٹیم نے انھیں سعودی عرب کا غیرمجازدورہ کرنے اور اس کے دوران میں تربیتی سیشن میں عدم شرکت کی وجہ سے معطل کردیا تھا۔

قبل ازیں منگل کے روز فرانسیسی میڈیا نے خبردی تھی کہ فٹ بال عالمی کپ کی فاتح ارجنٹائن کی ٹیم کے کپتان میسی کی سعودی عرب منتقلی طے شدہ ہے اور وہ معاہدے پر دست خط کرنے سے پہلے تفصیل کوحتمی شکل دینے کے عمل میں ہیں۔لیکن 35 سالہ عالمی فٹ بال اسٹارمیسی کے والد جارج نے انسٹاگرام پر ایک بیان میں کہا ہے:’’اگلے سال کے لیے کسی بھی کلب کے ساتھ ابھی کچھ طے نہیں ہے۔لیونل کے پی ایس جی کے ساتھ لیگ (سیزن) ختم کرنے سے پہلے یہ فیصلہ کبھی نہیں کیا جائے گا‘‘۔انھوں نے مزیدلکھاکہ’’ایک مرتبہ سیزن ختم ہونے کے بعد یہ تجزیہ کرنے اور دیکھنے کا وقت ہوگا کہ وہاں کیا ہے، اور پھر فیصلہ کریں گے۔ہم آپ کو یقین دلاتے ہیں کہ کسی کے ساتھ کچھ بھی طے نہیں پایاہے۔نہ زبانی، نہ دست خط، نہ ہی کوئی اتفاق، اورموجودہ سیزن کے اختتام تک ایسا کچھ نہیں ہوگا‘‘۔میسی نے گذشتہ ہفتے پی ایس جی اور اپنی ٹیم کے ساتھیوں سے معذرت کی تھی اور وہ پیر کو تربیتی سیشن میں واپس آگئے تھے۔

ارجنٹائن کے کپتان کے قریبی ذرائع نے خبررساں ادارے رائٹرزکو بتایا تھا کہ انہیں اگلے سیزن میں سعودی عرب کے کلب الہلال میں شمولیت کی باضابطہ پیش کش موصول ہوچکی ہے اور پی ایس جی نے ہنوزان کے کنٹریکٹ کی تجدید نہیں کی ہے۔گذشتہ ہفتے یہ اطلاع بھی سامنے آئی تھی کہ لیونل میسی کو الہلال کلب کی طرف سے اب تک کی سب سے مہنگی پیش کش کی گئی ہے۔ارجنٹائن کے ذرائع ابلاغ نے بتایا تھاکہ اس پیش کش کی مالیت قریباً 40 کروڑ ڈالر سالانہ ہے

۔فرانسیسی اسپورٹس ڈیلی ’ایل ایکوئپ‘ نے گذشتہ منگل کوخبردی تھی کہ ان کے موجودہ کلب پیرس سینٹ جرمین نے سعودی عرب کے غیرمجاز دورے کے بعد انھیں معطل کردیا تھا اورکلب نے تیسرے سیزن کے لیے ان کے معاہدے کی تجدید نہ کرنے کا فیصلہ کیاہے۔میسی کے قریبی ذرائع نے خبررساں ادارے رائٹرز کو بتایا تھاکہ انھوں نے پی ایس جی کو مطلع کردیاتھا کہ وہ رواں سیزن کے بعد پیرس میں نہیں رہیں گے۔اس پرانھیں فرانسیسی کلب نے معطل کردیاہے۔

تاہم ذرائع نے اس بارے میں کوئی تبصرہ نہیں کیا تھاکہ آیا میسی پہلے ہی پی ایس جی کوسیزن کے اختتام پر چھوڑنے کے بارے میں فیصلہ کرچکے ہیں۔واضح رہے کہ سعودی عرب نے گذشتہ سال میسی کو اپنا سفیرِسیاحت مقررکیا تھا اورانھوں نے مئی 2022 میں جدہ کا دورہ کیا تھا۔وہ جنوری میں سعودی لیگ اسٹارز کی ٹیم کے خلاف پی ایس جی کی طرف سے دوستانہ میچ کھیلنے کے لیے الریاض آئے تھے۔ان کے مدمقابل ان کےحریف کرسٹیانو رونالڈو تھے۔ وہ اس وقت سعودی کلب النصر کی جانب سے کھیل رہے ہیں۔