پٹنہ، 13 جون ۔ لوک جن شکتی پارٹی ( ایل جے پی ) کے قومی صدر رام ولاس پاسوان کی مبینہ منمانی سے ناراض ہو کر آج پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری ستیہ نند شرما کے ساتھ قومی مجلس عاملہ کے 116 اراکین نے اجتماعی طور سے استعفیٰ دے کر ایل جے پی ( سیکولر) کی تشکیل کا اعلان کیا۔ مسٹر شرما نے یہاں پارٹی کے قومی سکریٹری سریندر چودھری ،خزانچی رمیش چندر کپور ، ریاستی جنرل سکریٹری اور ترجمان وشنو پاسوان سمیت دیگر لیڈران کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں الزام لگایاکہ ایل جے پی میں اندرونی جمہوریت پوری طرح سے ختم ہو گئی ہے ۔ پارٹی میں پیسے لیکر لوک سبھا اور اسمبلی انتخاب میں امیدواروبنائے جاتے ہیں۔
ایل جے پی سے ناطہ توڑ چکے مسٹر شرما نے کہاکہ اس بار کے لوک سبھا انتخاب میں ویشالی سے پارٹی نے پیسہ لیکر مسز وینا دیوی کو اپنا امیدوار بنایا تھا۔ ویشالی سے پارٹی کی امیدوار رہی وینا دیوی نے پہلے کبھی بھی ایل جے پی کی رکنیت نہیں حاصل کی تھی۔ انہوں نے کہاکہ ایل جے پی ایک پرائیوٹ لمیٹیڈ کمپنی بن کر رہی گئی ہے جس کا ایک واحد مقصد لوک سبھا اور اسمبلی انتخاب میں پارٹی کے باہری لوگوں کو بڑے پیمانے پر ناجائز فائدہ لے کر امیدوار بنانا اور اس سے دولت جمع کرنا ہے۔