لاڈلی بہن اسکیم کےلاکھوں روپئے کاغبن کرکے سی ایس سی سنٹر مالک فرار

ناندیڑ:یکم اکتوبر (ورقِ تازہ نیوز): ناندیڑ ضلع میں وزیراعلیٰ لاڈلی بہن اسکیم کےلاکھوں روپئے کاغبن کرنے کاسنسنی خیز معاملہ سامنے آیاہے۔آدھار کارڈ تبدیل کر کے لاڈلی بہنوں کے پیسے شوہر کے اکاؤنٹ میں جمع کیے گئے، اور اس کے بعد سی ایس سی سینٹر کے مالک نے رقم خود ہڑپ لی۔

یہ چونکا دینے والاواقعہ حدگاؤں تعلقہ کے مناٹھا میںپیش آیاہے۔ لاکھوں روپے کا گھوٹالہ کر کے لاڈلی بہنوں اور ان کے شوہروں کو دھوکہ دینے والا سی ایس سی سینٹرکا مالک گاؤں سے فرار ہوگیا۔

سچن سی ایس سی سینٹرکے مالک نے روزگار ہامی یوجنا کے کنوؤں کے پیسے آئے ہیں یہ کہہ کر اپنے جان پہچان کے مردوں سے آدھار کارڈ، بینک پاس بک جیسے دستاویزات اکٹھے کیے۔ لاڈلی بہن یوجنا کے فارم بھرتے وقت خواتین کے آدھار نمبر کی جگہ مردوں کا آدھار نمبر درج کیا گیا اور ان کے بینک اکاؤنٹس دیے گئے۔ جب رقم جمع ہوئی، تو سی ایس سی سینٹرکے مالک نے یہ کہہ کر ان مردوں سے انگوٹھے لگوائے کہ روزگار ہامی یوجنا کے پیسے آئے ہیں ۔ وہ کچھ کو 500 روپے اور کچھ کو 200 روپے دے کر باقی رقم خود رکھ لیتا تھا۔

یہ گھوٹالہ اس وقت بے نقاب ہوا جب ماناٹھا کے علیم سلیم قادری کے موبائل پروزیراعلیٰ لاڈلی بہن یوجنا کی رقم جمع ہونے کا پیغام آیا۔ اس پر گاؤں میں چہ مگوئیاں شروع ہوگئیں۔ مناٹھا کے 38 اور بامنی پھاٹہ کے 33 مردوں کے آدھار نمبر کا استعمال کرتے ہوئے 3 لاکھ 19 ہزار 500 روپے کی رقم نکال کر سینٹر کا مالک فرار ہوگیا۔

علیم قادری کو جب پیغام موصول ہوا، تو انہوں نے فوراً سینٹر کے مالک سے سوال کیا۔ مالک نے جواب دیا کہ کسی کو مت بتاؤ، کچھ نہیں ہوگا، اور کہا کہ آپ کے دستاویزات واپس کر دوں گا۔ پھر اس نے صبح سے سینٹرکو تالا لگا کر فرار ہونے کی راہ اختیار کی۔وہیں اس معاملہ کا نوٹ لیتے ہوئے ضلع کلکٹر ابھیجیت راوت نے سی ایس سی سنٹر کے ڈائریکٹر کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایت دی ہے جس نے دوسرے مردوں کے آدھار کارڈ اور وزیر اعلیٰ لاڈلی بہن یوجنا کے بینک اکاؤنٹ کا استعمال کرکے دھوکہ دہی کی۔ اس کے ساتھ انہوں نے اس بات کی بھی تحقیقات کرنے کی ہدایت کی ہے کہ اس طرح کی دھوکہ دہی کہاں ہوئی ہے یا نہیں۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading