فرانس کے صدر میکخواں کی اپنی استانی سے محبت اور شادی کی کہانی

فرانس کے صدر ایمانویل میکخواں جہاں سیاست کے میدان میں کامیابیوں کی وجہ سے مشہور ہوئے وہیں ان کی محبت کی کہانی کے چرچے بھی عام رہے۔ایمانویل میکخواں کی اہلیہ بریجیٹ ان سے 24 برس بڑی ہیں اور وہ اس سکول میں استانی تھیں جہاں میکخواں نے تعلیم حاصل کی تھی۔

ان دونوں کی محبت کی کہانی اس وقت شروع ہوئی جب 15 سالہ ایمانویل میکخواں شمالی فرانس کے ایک سکول میں زیر تعلیم تھے۔ اس عمر میں ہی میکخواں کو اپنے ہم عصروں میں باصلاحیت مانا جانے لگا تھا۔ایمانویل میکخواں ہمیشہ کتابوں میں گم رہتے تھے۔ اسی سکول میں ایمانویل میکخواں کے ساتھ بریجیٹ کی بیٹی لارنس بھی پڑھتی تھیں۔

اس وقت بریجیٹ ٹروغنو 40 برس کی تھیں اور 20 سال کی عمر میں ہی ان کی شادی ایک مقامی بینکر سے ہو چکی تھی جن کے ساتھ ان کے لارنس سمیت تین بچے تھے۔ اپنی بیٹی کی جانب سے ایمانویل میکخواں کی تعریف کے بعد ان کا ایمانویل میکخواں سے ملنے کا شوق ہوا۔

میکخواں سکول میں ڈرامہ گروپ کا حصہ تھے۔ ایک دن میکخواں ڈراما لکھنے کے لیے بریجیٹ کے پاس گئے او کہا ‘کیوں نہ ہم اسے مل کر لکھیں؟’ بریجیٹ کی رضامندی کے بعد دونوں ہر جمعے کو ملنے لگے۔

بریجیٹ نے اس دن کو یاد کرتے ہوئے کہا ’میں نے سوچا تھا کہ یہ زیادہ عرصہ نہیں چلے گا۔ مجھے لگا کہ وہ بور ہو جائیں گے۔ لیکن ہم نے ساتھ لکھنا شروع کیا اور آہستہ آہستہ میں میکخواں کی ذہانت سے مکمل طور پر متاثر ہوگئی۔’

پیرس میچ کو دیے ایک انٹرویو میں بریجیٹ نے بتایا ‘میں اس رشتے میں آہستہ آہستہ ڈوبتی چلی گئی اور یہ بات جلد ہی میکخواں کے گھر تک پہنچ گئی۔ ان کے والدین سکتے میں آ گئے کیونکہ انھیں یہ لگتا تھا کہ میکخواں کی دوستی لارنس سے ہے۔’

ایسے میں میکخواں کے والدین نے انھیں پیرس بھیجنے کا فیصلہ کیا۔

میکخواں کی سوانح عمری تحریر کرنے والی مصنفہ این فلڈا نےاپنی کتاب کے سلسلے میں میکخواں کے والدین سے بھی بات چیت کی جس میں میکخواں کی والدہ نے فلڈا کو بتایا کہ ‘ہمیں تو یقین ہی نہیں ہوا۔’

بیٹے کی فکر میں مبتلا والدین بریجیٹ سے بھی ملے اور انھیں اپنے بیٹے سے دور رہنے کا مشورہ دیا لیکن بریجیٹ نے ان دونوں کو واضح طور پر کہہ دیا ‘میں آپ سے کوئی وعدہ نہیں کر سکتی۔’

سولہ سال کی عمر میں میکخواں نے پیرس میں تعلیم کا آغاز کیا۔بریجیٹ نے ایک انٹرویو میں یہ بتایا کہ ‘میکخواں نے 17 سال کی عمر میں ہی یہ فیصلہ کر لیا کہ وہ مجھ سے ہی شادی کریں گے۔’

ان کا کہنا تھا ‘کوئی نہیں جانتا ہے کہ ہم دونوں کے درمیان محبت کب ہو گئی۔ وہ لمحے ہمارے اپنے لمحے ہیں۔ وہ ہمارے خفیہ راز ہیں۔’

بریجیٹ کے پہلے شوہر کے درمیان سال 2006 میں طلاق ہوئی اور2007 میں میکخواں اور بریجیٹ نے شادی کر لی۔ بریجیٹ کے ایک بیٹے عمر میں ایمانویل میکخواں سے دو سال بڑے ہیں۔ایمانویل میکخواں کے بارے میں یہ مشہور ہے کہ وہ ہمیشہ اپنی اہلیہ کے مشورے کو اہمیت دیتے رہے ہیں۔

جب وہ فرانس کے وزیر خزانہ تھے تب کئی اجلاسوں میں بریجیٹ موجود رہی تھیں اور صدر بننے سے پہلے بھی انھوں نے کہا تھا کہ اگر وہ جیت جاتے ہیں تو بریجیٹ بھی کوئی نہ کوئی اہم کردار ضرور ادا کریں گی۔

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading