اسلام آباد ۔17۔ دسمبر ۔(ایجنسی )پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے کشمیر کے پلوامہ میں ہوئے انکاونٹر میں سات شہریوں کے مارے جانے کی مذمت کی ہے۔ عمران خان نے اس معاملہ کو اقوام متحدہ تک لے جانے کی دھمکی دی ہے۔ جنوبی کشمیر کے پلوامہ ضلع میں ایک تصادم کی جگہ پر جمع ہوئی بھیڑ کے حملوں سے بچنے کے لئے ہفتہ کے روز سکیورٹی فورسز کی فائرنگ میں سات شہری مارے گئے تھے۔ سکیورٹی فورسز کے انکاونٹر میں تین دہشت گرد ہلاک ہوئے تھے اور فوج کا ایک جوان بھی شہید ہوا تھا۔عمران خان نے واقعہ کی ٹوئٹر پر مذمت کرتے ہوئے کہا کہ میں ہندوستانی سیکورٹی فورسیز کے ذریعہ پلوامہ میں بے قصور کشمیری شہریوں کے قتل کی مذمت کرتا ہوں۔ اس تنازعہ کا حل تشدد یا قتل سے نہیں بلکہ بات چیت سے نکلے گا۔ انہوں نے کشمیر معاملہ کو اقوام متحدہ میں اٹھانے کی دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل جموں وکشمیر پر اپنی رائے شماری کی عہدبستگی کو پورا کرے