اناؤ۔ ابھی سنبھل میں ایک نابالغ لڑکی کی عصمت دری کے بعد اسے زندہ جلانے کا معاملہ ٹھنڈا بھی نہیں ہوا تھا کہ اناؤ میں ایک بار پھر انسانیت شرمسار ہوئی ہے۔ یہاں عصمت دری کی شکار ایک لڑکی کو ضمانت پر رہا ہو کر آئے دو ملزمان نے اپنے تین ساتھیوں کے ساتھ مل کر زندہ جلا دیا۔ اطلاع ملنے پر پہنچی پولیس نے لڑکی کو سنگین حالت میں اسپتال بھیجا جہاں اس کی سنگین حالت کو دیکھتے ہوئے ڈاکٹروں نے اسے لکھنئو کے ٹراما سینٹر ریفر کر دیا۔
بتایا جا رہا ہے کہ متاثرہ 80 فیصد تک جل گئی ہے۔ یہ حادثہ متأثرہ کے گاؤں ہندو نگر کے ٹھیک باہر پیش آیا۔کچھ دن پہلے ہی لڑکی کی عصمت دری کی گئی تھی۔ اس معاملہ میں دو نامزد ملزمان کو گرفتار کر کے جیل بھیجا گیا تھا۔
آج لڑکی اسی معاملے کی پیروی کے لئے رائے بریلی جا رہی تھی۔ صبح چار بجے کے قریب گاؤں کے باہر کھیت میں دونوں ملزمان اور ان کے تین ساتھیوں نے اس کے اوپر مٹی کا تیل چھڑک کر آگ لگا دی۔ اس کی اطلاع ملتے ہی گاؤں میں ہنگامہ مچ گیا۔ اطلاع ملنے پر پولیس بھی جائے حادثہ پر پہنچی اور متاثرہ کو ضلع اسپتال پہنچایا گیا۔ جہاں سے اسے لکھنئو ٹراما سینٹر ریفر کر دیا گیا ہے