فرانسیسی معیشت اس سال آٹھ فیصد تک سکڑ جائے گی۔ اس کمی کی مالیت تقریباﹰ 217 بلین ڈالر کے برابر ہو گی۔ فرانس کا یہ حیران کن اقتصادی نقصان خلیجی عرب ریاستوں قطر اور کویت کے علاوہ یونان کی مجموعی قومی پیداوار سے بھی زیادہ بنتا ہے۔
کورونا وائرس کی وبا عالمی معیشت کے لیے کتنی تباہ کن ہے، یہ اندازہ صرف ایک ملک فرانس کی مثال سے بھی لگایا جا سکتا ہے۔ فرانسیسی معیشت اس سال آٹھ فیصد تک سکڑ جائے گی۔ یہ نقصان یونان کی مجموعی قومی پیداوار سے بھی زیادہ ہے۔
فرانس جرمنی کے بعد یورپی یونین کا دوسری سب سے بڑی معیشت والا ملک ہے، جس کی مجموعی قومی پیداوار گزشتہ برس 2.7 ٹریلین ڈالر سے زیادہ رہی تھی۔ سال رواں کے دوران فرانس کی مجموعی قومی پیداوار مزید اضافے کے ساتھ تقریباﹰ 2.8 ٹریلین امریکی ڈالر کے برابر ہو جانے کی امید تھی۔ یوں فرانس دنیا کی چھٹی سب سے بڑی معیشت بن جاتا اور عالمی معیشت میں اس کا حصہ بھی مزید بڑھ کر 3.06 فیصد تک پہنچ جاتا۔
اب لیکن پیرس حکومت کے اندازوں کے مطابق ایسا نہیں ہو گا اور جرمنی کے اس ہمسایہ یورپی ملک کی سال رواں کے لیے مجموعی قومی پیداوار میں کورونا وائرس کی وبا کے نتیجے میں آٹھ فیصد تک کی کمی ہو جائے گی۔ اس کمی کی مالیت تقریباﹰ 217 بلین ڈالر کے برابر بنتی ہے۔
یوں صرف فرانسیسی معیشت کو ہی کورونا وائرس کی وبا کے باعث جتنا نقصان ہو گا، اس کی مالیت یورپی یونین کے رکن ملک یونان اور تیل کی دولت سے مالا مال خلیجی عرب ریاستوں قطر اور کویت کی ملکی سطحوں پر مجموعی قومی پیداوار سے بھی کہیں زیادہ بنتی ہے۔