ناندیڑ، 16 اگست (حیدر علی) – ضلع میں لگاتار ہونے والی موسلا دھار بارش نے جان لیوا حادثہ برپا کر دیا۔ قندھار تعلقہ کے کوٹ بازار گاؤں میں جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب مکان کی دیوار گرنے سے گرام پنچایت کی موجودہ رکن حسینہ بیگم شیخ ناصر (68 سال)اور ان کے شوہر سابق رکن شیخ ناصر امین (72 سال) موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ اس واقعہ کے بعد پورے گاؤں میں غم و ماتم چھا گیا۔

تفصیلات کے مطابق میاں بیوی کچے اینٹوں اور ٹین کی چھت والے مکان میں رہائش پذیر تھے۔ جمعہ کی رات تقریباً بارہ بجے کے قریب مکان کی دیوار اچانک گر گئی۔ ملبہ اور پتھر سر پر گرنے سے دونوں شدید زخمی ہوئے اور موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ ہفتہ کی صبح گاؤں والوں کو حادثے کی اطلاع ملی جس کے بعد انتظامیہ کو خبر دی گئی۔ اہم بات یہ ہے کہ حسینہ بیگم نے تین ماہ قبل ہی گھرکول اسکیم کے تحت مکان کے لئے درخواست دی تھی اور مکان بھی منظور ہوگیا تھا، لیکن حکومت کی طرف سے پہلی قسط کی رقم جاری نہ ہونے کی وجہ سے تعمیری کام شروع نہیں ہوسکا۔ اسی وجہ سے انہیں اپنے کچے مکان میں ہی رہنا پڑا اور بالآخر یہ المناک سانحہ پیش آیا۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ اگر سرکاری مشینری نے بروقت اقدام کیا ہوتا تو میاں بیوی کی جان بچ سکتی تھی۔
ضلع میں دو روز سے مسلسل بارش ہو رہی ہے۔ قندھار، مکھیڈ، حدگاؤں تعلقہ میں جمعرات کی رات زبردست بارش ہوئی۔ یہ بارش جمعہ کو بھی جاری رہی۔ دو روز کی بارش کے باعث کئی گھروں کی دیواریں کمزور ہو گئی ہیں۔ جس میں رات گئے کوٹ بازار میں شیخ ناصر کے گھر کی دیوار گر گئی۔ اس میں وہ اور اس کی بیوی کی موت ہو گئی۔ اس واقعہ کی وجہ سے کافی غم ہے۔
ضلع میں دو دنوں سے ہو رہی مسلسل بارش کی وجہ سے ہلحمایت نگر، کنوت، حدگاؤں تعلقہ کے کئی گاؤں میں پانی داخل ہو گیا ہے۔ کنوٹ، حمایت نگر کے تعلقہ پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں۔ بوڈھی گاؤں کے قریب ایک اسکول بس بہہ گئی ہے اور اس کا ڈرائیور لاپتہ ہے، ذرائع نے اطلاع دی ہے۔ مراٹھواڑہ اور ودربھ کو جوڑنے والی پین گنگا ندی پر پل تک پانی پہنچ گیا ہے۔ جس کی وجہ سے اس روٹ پر ٹریفک کسی بھی وقت بند ہونے کی صورتحال ہے۔ فی الحال وشنوپوری پروجیکٹ کے دو دروازے کھلے ہیں اور عیسی پور ڈیم کے پانچ دروازے کھول دیے گئے ہیں۔