صحت اللہ کی سب سے بڑی نعمت ہے لیکن اس نعمت کی قدر کرنے میں اکثر لوگ غفلت کرتے ہیں ۔صحت اللہ کی سب سے بڑی نعمت ہے لیکن اس نعمت کی قدر کرنے میں اکثر لوگ غفلت کرتے ہیں ۔
صحت کے بارے میں جس قدر حساس ہونا چاہیے،وہ بعض لوگوں کے رویوں سے نظر نہیں آتا۔حالانکہ بیماری کی حالت میں کوئی چیز دل کو اچھی نہیں لگتی۔آدمی دوسروں سے تو کیا خود سے بیزار ہونے لگتا ہے ۔
اس کا مطلب سوائے اس کے اور کیا ہو سکتا ہے کہ زندگی کی ساری دلچسپیاں ،ساری رعنائیاں اور زندگی کی ساری خوشیاں صحت ہی کے دم سے قائم ہیں ،پھر بھی کچھ لوگ اپنی صحت کا خیال نہیں کرتے ۔
درج ذیل معمولی لیکن اہم باتوں کا خیال رکھنے سے صحت کے بہت سے مسائل سے محفوظ رہا جا سکتا ہے ۔
ادرک اور پیاز
ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ ادرک ،پیاز،لہسن اور اسی طرح دیگر سبزیاں باقاعدہ کھانے سے سرطان کے امکانات کو کم کیا جا سکتا ہے ۔
برطانیہ میں کی گئی ایک حالیہ ریسرچ میں ماہرین نے یہ رائے دی ہے کہ کھانوں میں ادرک ،پیاز اور لہسن کا استعمال باقاعدگی سے کرنے سے سرطان کے خطرات سے پچاس فیصد محفوظ رہ سکتے ہیں کیونکہ ان سبزیوں میں بعض ایسے اینزائم موجود ہوتے ہیں جو کینسر کے خلاف مدافعت بڑھاتے ہیں۔
وقت پر کھانے کی عادت ڈالیں
اکثر لوگ وقت پر کھانا نہ کھانے کی وجہ سے بھی صحت کے کئی مسائل میں مبتلا ہوجاتے ہیں ۔بوسٹن یونیورسٹی میں کی گئی ایک تحقیق کے مطابق السر،بھوک کا نہ لگنا،بدہضمی ،جسم میں درد اور معدے کے دیگر کئی مسائل کا تعلق وقت پر کھانا نہ کھانے سے ہوتا ہے ۔تحقیق میں ایسے لوگوں کو ان امراض میں زیادہ مبتلا دیکھا گیا ہے جو اپنی مصروف ترین زندگی کی وجہ سے کھانا بروقت نہیں کھاتے ۔
غالباً اس کی بڑی وجہ یہ ہے کہ زیادہ دیر تک جسم کو غذائیت نہ ملنے سے خون میں شکر کی سطح کم ہوجاتی ہے اور معدہ دیر تک خالی رہے تو السر کا مرض ہو سکتا ہے ۔ماہرین اس بات پر زور دیتے ہیں کہ جو لوگ واقعی کوئی ایسا کام کررہے ہیں کہ کھانے کے لیے پندرہ بیس منٹ نکالنا ان کے لیے بہت ہی مشکل ہے تو کم از کم اس دوران بسکٹ ،چاکلیٹ ،ہلکے پھلکے اسنیکس وغیرہ ضرور کھالیا کریں تا کہ کم ہی سہی لیکن ان کے جسم کو تھوڑی بہت غذائیت ملتی رہے۔
جوڑوں کی سختی سے بچیں
بوسٹن یونیورسٹی ہی میں جوڑوں کے درد پر کی گئی تحقیق کے دوران یہ بات سامنے آئی ہے کہ جوڑوں کے درد(Arthritis)کا مرض اچانک نہیں ہوتا بلکہ اس کی ابتدائی علامات کافی پہلے سے ظاہر ہونا شروع ہو جاتی ہیں ،ان میں سب سے بڑی علامت جوڑوں کا سخت ہو جانا ہے لہٰذا تحقیق کرنے والے ماہرین نے رائے دی کہ اگر شروع ہی میں جب آپ محسوس کریں کہ جوڑ سخت ہورہے ہیں ،خاص طور پر صبح بستر سے اٹھتے وقت آپ کو بہت زیادہ جوڑوں میں سکتی محسوس ہوتی ہے تو یہ اس مرض کی ابتدائی علامت ہو سکتی ہے ۔
ایسی صورت میں بہتر ہے کہ آپ صبح اٹھتے ہی ہلکی پھلکی ورزش کریں ۔اس سے جوڑوں کی سختی میں کمی آئے گی۔
یہاں تک کہ ڈاکٹر مریضوں کو بھی مشورہ دیتے ہیں کہ وہ صبح واک کریں اور یہ واک باقاعدگی سے ہونی چاہیے۔اس سے بھی مرض کی شدت میں کمی آئے گی۔
ماہرین امراض قلب کا کہنا ہے کہ اگر کسی شخص کو دل کے درد کا خدشہ ہوتو وٹامن ای کا استعمال اس خطرے کو کم کر سکتا ہے کیونکہ وٹامن ای کے استعمال سے جسم میں خون کے تھکے (کلاٹ)نہیں بنتے ،اسی طرح کو لیسٹرول کی سطح بھی جسم میں معمول کے مطابق رکھنے میں مدد ملتی ہے ۔
وٹامن ای کے حصول کا بہترین ذریعہ پھل ہیں ،اس کے علاوہ لائیکوپین ایک قدرتی غذائی جزو ہے جو جسم میں دوران خون کو بہتر بناتا ہے ۔یہ خون کی رگوں میں کلاٹ بننے سے روکتا ہے ،جس سے مجموعی طور پر دوران خون بہتر رہتا ہے ۔کوشش کریں کہ لائیکو پین بھی آپ کی غذا میں شامل ہو ۔لائیکوپین ٹماٹر ،تربوز میں موجود ہوتا ہے ۔
کم سگریٹ نوشی بھی خطر ناک
جو لوگ سمجھتے ہیں کہ سگریٹ پینے کا نقصان صرف اسی صور ت میں ہوتا ہے جب بہت زیادہ سگریٹ پی جائے یا چین اسمو کرہوں وہ غلط فہمی میں مبتلا ہیں ۔
سگریٹ کے نقصانات کے بارے میں ماہرین نے سخت وار ننگز دی ہیں ۔یہاں تک کہ دوسروں کی سگریٹ نوشی جسےPassive Suisqingکہا جاتا ہے یہ بھی صحت پر نقصان دہ اثرات مرتب کرتی ہے ۔تحقیق کے مطابق سگریٹ نوشی کرنے والوں میں پھیپھڑوں کے کینسر کا خطرہ سگریٹ نوشی نہ کرنے والوں سے زیادہ ہوتا ہے ۔لہٰذا بہتر یہی ہے کہ اگر کوئی شخٰص چار پانچ سگریٹ بھی پیتا ہے تو انہیں چھوڑ دے ۔
جب تک کہ سگریٹ نوشی کرتے رہیں گے خواہ تھوڑی یا زیادہ نقصان کا خدشہ بھی رہے گا۔
وٹامن سی اور صحت مند جلد
صحت مندی کی علامت صحت مند جلد ہے ،ماہرین صحت جلد کو تروتازہ رکھنے کے لیے زیادہ پانی پینے کا مشورہ دیتے ہیں ۔ساتھ ہی ان کا کہنا ہے کہ اگر غذا میں وٹامن سی کا اضافہ کر لیا جائے تو یہ جلد کے لیے مفید ہے۔اس کی وجہ یہ بتائی جاتی ہے کہ جلد کو تروتازہ اور صحت مند رکھنے کے لیے ایک لازمی جزو ہے ”کولاجین“اس کے لیے وٹامن سی لینا ضروری ہے ۔
متوازن غذا نہ لینے سے جلد میں اس بنیادی عنصر کی کمی ہو جاتی ہے ۔وٹامن سی کی کمی سے جلد مرجھا جاتی ہے ۔وٹامن سی پھلوں اور مختلف سبزیوں میں پایا جا تا ہے ۔
فولاد اور جلد
جلد کو صحت مند اور تروتازہ رکنے میں فولاد کا بھی اہم کردار ہے ۔فولاد یعنی آئرن کی کمی رنگت کو پیلا کر سکتی ہے ۔ہمارے ہاں خواتین کی ایک بڑی تعداد اس کمی میں مبتلا
قبض سے بچیں
طبیبوں کے نزدیک قبض ام الامراض (بیماریوں کی ماں)ہے ۔یہ کئی قسم کے امراض کی وجہ بنتا ہے ۔اس معاملے میں محتاط رہنا چاہیے۔قبض کا احساس ہوتے ہی غذا اور کھانے کے اوقات وغیرہ پر نظر ثانی کرنی ہو گی ۔اس کے علاوہ کھانے کے دوران اور کھانے کے بعد پانی سے پر ہیز کرنا ہو گابہت ضروری ہو تو شروع میں تھوڑا سا پانی پیا جا سکتا ہے ۔اس کے علاوہ غذا میں ایسی چیزیں شامل رکھنا چاہئیں جس سے قبض کے امکانات کم ہوں۔ تھوڑا بہت پھل کھانے کے ساتھ رکھیں اور خاص طور پر تھوڑا سا پپیتا اس معاملے میں بہت مفید ہوگا ۔جو غذالی جا ئے وہ نہ تو زیادہ چکنائی کی حامل ہو اور نہ ثقیل تا کہ معدے کو ہضم کرنے میں مشکلات نہ ہو۔
نرم سادہ اور زود ہضم غذا
اگر چہ چٹ پٹی،مرغن اور مسالے دارغذائیں لوگوں کی کمزوری ہیں تا ہم اس معاملے میں بھی احتیاط کی ضرورت ہے ۔
کسی بھی چیز کی زیادتی ہمیشہ نقصان پہنچاتی ہے ۔اگر چہ کبھی کبھار مرغ مسلم یا پر تکلف کھانا کھانے میں کوئی ہرج نہیں تاہم اسے معمول نہ بنایا جائے ۔کوشش ہو کہ غذا سادہ ،زود ہضم ہو ۔اس کے لیے سبزیوں اور پھلوں کے استعمال کی عادت ڈالیں ۔کھانا جتنا زود ہضم اور سادہ ہوگا،معدے کوہضم کرنے میں اتنی ہی آسانی ہو گی ۔گیس کی تکلیف بھی نہیں ہو گی۔