بہار کے مظفرپور شیلٹر ہوم معاملہ کی پیر کے روز سپریم کورٹ میں سماعت ہوئی۔ سپریم کورٹ نے سی بی آئی کو اگلے تین مہینے میں تفتیش مکمل کرنے کی ہدایت دی ہے۔ سی بی آئی نے جانچ کے لئے 6 مہینے کی مدت طلب کی تھی۔
زیر بحث شیلٹر ہوم معاملہ میں سپریم کورٹ نے سی بی آئی سے اسٹیٹس رپورٹ پیش کرنے کے لئے وقت دیا تھا۔ سپریم کورٹ نے سی بی آئی سے کہا کہ اگلے دو ہفتوں کے اندر اسٹیٹس رپورٹ پیش کی جائے۔ واضح رہے، سی بی آئی کی جانب سے سپریم کورٹ میں داخل حلف نامہ سے کئی حیران کن انکشافات ہوئے تھے۔
Muzaffarpur shelter home case: Supreme Court asks CBI to complete the investigation within three months. CBI has approached the court seeking six months time to complete the investigation. pic.twitter.com/MLD0FARj0y
— ANI (@ANI) June 3, 2019
سی بی آئی نے سپریم کورٹ میں داخل اپنے حلف نامہ میں کہا تھا کہ مظفر پور شیلٹر ہوم سے لاپتہ ہونے والی 11 لڑکیوں کو قتل کر دیا گیا ہے۔ سی بی آئی کے مطابق کلیدی ملزم برجیش ٹھاکر نے اپنے معاونین کے ہمراہ اس قتل عام کو انجام دیا ہے۔ سی بی آئی نے ملزمان سے پوچھ گچھ کے بعد ان کے بتائے مقام سے ہڈیوں کی گٹھری بھی برآمد کی تھی۔
اس زیر بحث معاملہ میں سب سے زیادہ سوالات بہار کی نتیش کمار حکومت پر اٹھے ہیں۔ سپریم کوٹ بھی اس معاملہ میں نتیش کمار حکومت کو پھٹکار لگا چکا ہے۔ کورٹ نے اس مقدمہ کی سماعت کے دوران حکومت سے پوچھا تھا کہ آپ کس طرح حکومت چلا رہے ہیں۔ کورٹ کے علاوہ حزب اختلاف کی جماعتیں بھی اس معامل پر نتیش کمار حکومت پر حملہ آور ہیں۔
آر جے ڈی رہنما تیجسوی یادو مظفر پور شیلٹر ہوم معاملہ کے حوالہ سے نتیش کمار حکومت کو لگاتار گھیرتے چلے آ رہے ہیں۔ سی بی آئی کے حلف نامہ کے بعد انہوں نے گورنر سے بہار حکومت کو برخاست کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ اس معاملہ میں نتیش کمار کے بےحد نزدیکی اور ان کے وزیر شامل ہیں۔ تیجسوی نے کہا، ’’نتیش کمار میں شرم باقی ہے تو مظفر پور شیلٹر ہوم ریپ معاملہ میں ثبوت ملنے کے بعد تو معافی مانگ لینی چاہیے۔ نتیش کمار برجیش ٹھاکر کے مظفرپور واقع گھر پر کیا کرنے جاتے تھے؟ انہوں نے درندوں پر ایف آئی آر کیوں نہیں کی؟ بعد میں کی بھی تو اس میں پوکسو ایکٹ کی دفعہ کیوں نہیں لگائی؟
– Source بشکریہ قومی آواز بیورو—
