مہاراشٹر میں بم دھماکوں کی دھمکیوں کے مسلسل سامنے آنے والے واقعات نے سکیورٹی ایجنسیوں کی تشویش بڑھا دی ہے۔ ممبئی میں میئر ریتو تاوڈے اور برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) کی کمشنر اشونی بھیڑے کو دھمکی آمیز ای میل موصول ہوئی ہے۔ اس میں میئر کے دفتر سمیت شہر کے کئی اہم مقامات کو بم سے اڑانے کی وارننگ دی گئی ہے۔ دوسری جانب پونے کے شیواجی نگر میں واقع ضلع و سیشن عدالت کو بھی بم دھماکے سے اڑانے کی دھمکی دی گئی ہے۔ دونوں واقعات کے بعد پولیس اور سکیورٹی ایجنسیاں الرٹ ہو گئی ہیں۔
ممبئی میں جمعرات کو موصول ہونے والے دھمکی آمیز ای میل میں میئر ریتو تاوڈے کے دفتر کو نشانہ بنانے کی بات کہی گئی ہے۔ ای میل میں شہر کے کئی عوامی مقامات پر دھماکہ خیز مواد نصب کیے جانے کا دعویٰ بھی کیا گیا ہے۔ ان مقامات میں مہالکشمی، سائنس اور آچاریہ میٹرو اسٹیشنوں کے علاوہ جوہو میں واقع اداکار امیتابھ بچن کا بنگلہ ’جلسہ‘ بھی شامل ہے۔
دھمکی ملنے کے بعد ممبئی پولیس اور سکیورٹی ایجنسیوں نے متعلقہ مقامات پر تلاشی اور جانچ شروع کردی ہے۔ بی ایم سی کے دفاتر اور میٹرو اسٹیشنوں کی سکیورٹی بھی بڑھائی جارہی ہے۔ اطلاعات کے مطابق رواں سال ممبئی کی میئر کے دفتر کو اس طرح کی دھمکی پانچویں مرتبہ موصول ہوئی ہے۔
دوسری جانب پونے میں شیواجی نگر واقع ضلع و سیشن عدالت کو بھی ای میل کے ذریعے بم سے اڑانے کی دھمکی دی گئی ہے۔ اطلاع ملتے ہی عدالت کے احاطے میں افراتفری کا ماحول پیدا ہوگیا۔ معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے بم ڈٹیکشن اینڈ ڈسپوزل اسکواڈ (بی ڈی ڈی ایس) کی ٹیم موقع پر پہنچی اور پورے احاطے کی تلاشی شروع کردی۔ احتیاطی طور پر عدالت کے احاطے کو خالی کرانے اور سکیورٹی انتظامات سخت کرنے کی کارروائی بھی کی گئی۔
رپورٹس کے مطابق شیواجی نگر عدالت کو نومبر میں اس سے پہلے بھی بم کی دھمکی مل چکی ہے۔ 2 نومبر کو موصول ہونے والی دھمکی جانچ کے بعد فرضی ثابت ہوئی تھی، جبکہ 23 نومبر کو بھی اسی عدالت کو دھمکی آمیز ای میل موصول ہوا تھا، جس کے بعد احاطے کی تلاشی لی گئی تھی۔
پولیس کے مطابق دھمکی آمیز ای میل ہنّا مائر کے نام سے بنائی گئی جی میل آئی ڈی سے بھیجا گیا ہے۔ اس میں مبینہ طور پر ’خالصتان نیشنل آرمی‘ اور ’ببر خالصہ (پرمارت-کینیڈا)‘ جیسی تنظیموں کے ناموں کا ذکر کیا گیا ہے۔ ای میل میں کچھ لوگوں کے نام اور پتے بھی درج ہیں۔ اس کے علاوہ مبینہ خالصتانی نعرے اور ممبئی میں گرینیڈ حملے کرنے کی دھمکی دی گئی ہے۔ ای میل میں بی ایم سی کے دفاتر اور عوامی بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانے کی بات بھی کہی گئی ہے۔