’شیرِِ کشمیر‘ کا نام بدلنا کشمیر کی تاریخ پر حملہ: یوسف تاریگامی

سری نگر: جموں کشمیر یونین ٹریٹری انتظامیہ کی طرف سے شیر کشمیر انٹرنیشنل کانفرنس سینٹر کا نام کشمیر انٹرنیشنل کانفرنس کمپلیکس میں بدلنے کو جموں و کشمیر کی تاریخ پر حملہ قرار دیتے ہوئے سی پی آئی (ایم) کے سینئر لیڈر محمد یوسف تاریگامی نے کہا کہ یہ مرحوم شیخ محمد عبداللہ کی سربراہی والی قیادت جس نے پاکستان پر سیکولر بھارت کو ترجیح دی، کے کارناموں کو نظر انداز کرنے کی ایک کوشش ہے۔

موصوف لیڈر نے کہا کہ شیر کشمیر صرف ایک لقب نہیں ہے بلکہ جموں و کشمیر کی تاریخ کا ایک شاندار باب ہے۔ انہوں نے کہا: ‘شیر کشمیر صرف ایک لقب نہیں ہے بلکہ جموں و کشمیر کی تاریخ کا ایک تابناک باب ہے، اختلافات سے قطع نظر مرحوم شیخ محمد عبداللہ کے بڑے کردار، جو انہوں نے یہاں کے سیاسی منظر نامے پر ادا کیا، کو بھولا نہیں جاسکتا’۔

تاریگامی نے کہا کہ مرحوم شیخ عبداللہ کی سربراہی میں شروع ہوئی ’کشمیر چھوڑو تحریک‘ کے باعث ہی ‘نیا کشمیر’ کا خواب شرمندہ تعبیر ہوسکا جو بد قسمتی سے بی جے پی کے نشانے پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اس تحریک کے خلاف بغض و عناد رکھنے میں مشہور ہے اور ایک نئی تاریخ رقم کرنا چاہتی ہے لیکن ہمارے لیڈروں کے کارناموں کو مٹانا آسان نہیں ہے۔

یوسف تاریگامی نے کہا کہ 13 جولائی کی یوم شہداء کی مناسبت سے چھٹی کی منسوخی اور شیخ محمد عبداللہ کے یوم پیدائش کی چھٹی کی منسوخی کے بعد شیر کشمیرسٹیٹ ایوارڈ سے شیر کشمیر حذف کرنے اور اب شیر کشمیر انٹرنیشنل کانفرنس سینٹر کا نام بدلنے سے بی جے پی کے مذموم ارادوں کا پردہ فاش ہوجاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بی جے پی کو جب کسی کی ضرورت ہوتی ہے تو اس کو اپنا لیتی ہے اور وقت آنے پر اس کو باہر بھی کردیتی ہے یہی حال محبوس سابق تین وزرائے اعلیٰ کا بھی ہے ان کو بی جے پی نے کبھی اپنا لیا بھی اور وقت آنے پر ان پر پی ایس اے بھی عائد کیا۔

یہ ایک سینڈیکیٹیڈ فیڈ ہے ادارہ نے اس میں کوئی ترمیم نہیں کی ہے. – بشکریہ قومی آواز بیورو

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading