ممبئی ، 4 جنوری (یو این آئی ) سابق وزیر مالیات یشونت سنہا ، فلم اداکار و سابق رکن پارلیمنٹ شتروگھن سنہا ، گجرات کے سابق وزیر اعلی سریش مہتہ نے آج یہاں شہریت ترمیم قانون کے خلاف قومی سطح پر گاندھی امن یاترا نکالنے کا اعلان کیا ہے جس کا آغاز ممبئی کے گیٹ وے آف انڈیا سے عمل میں آیا ۔یہ یاترا پونا گجرات ہوتے ہوئے سابر متی پہنچے گی اور پھر یو پی اور ہریانہ کا سفر کرنے کے بعد 30 جنوری کو اس کا اختتام راج گھاٹ پر ہو گا ۔
ممبئی پریس کلب میں منعقدہ پریس کانفریس سے خطاب کرتے ہوئے منتظمین نے کہا کہ اس یاتراکے دوران ملک میں امن قائم کرنے کیلے عوام سے اپیل کی جائے گی اور بابائے قوم مہاتما گاندھی نے ملک کی گنگا جمنی تہذیب کو برقرار رکھنے کیلے جو پیغامات دیئے تھے اسے عوام تک پہنچایا جائے گا ۔
شہریت قاون کے خلاف سخت لفظوں میں تنقید کرتے ہوئے یشونت سنہا نے کہا کہ اس قانون کو متعارف کرا کر حکومت نے پورے ملک کے امن کو غارت کر دیا ہے نیز ایک جانب جہاں یہ قانون غیر قانونی اور غیر آئینی ہے وہیں یہ مرکزی حکومت کی آمرانہ سازشوں کا نتیجہ ہے جس کے تحت وہ ہندو اور مسلمانوں میں پھوٹ ڈالنا چاہتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس قانون کے خلاف ملک کے تمام عوام کو سڑکوں پر آ کر مظاہرہ کرنا چاہیئے ۔سابق وزیر مالیات نے مزید کہا کہ ان کا یہ قافلہ اترپردیش بھی جائے گا جہاں پر پولیس نے پرامن مظاہرین پر ظلم و بربریت کے پہاڑ توڑے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ انہیں یو پی جانے سے کوئی روک نہیں سکتا ہے ۔ اس موقع پر رام پرساد بسمل کا مشہور شعر بھی پڑھا ’’دیکھنا ہے زورکتنا بازؤےقاتل میں ہے ‘‘۔
فلم اداکار ستروگھن سنہا نے شہریت ترمیم قانون کے تعلق سے کہا کہ مرکزی حکومت ان مسائل سے عوام کی توجہ ہٹانا چاہتی ہے جن مسائل سے فی الوقت ملک گزر رہا ہے نیز یہ کیسا قانو ن ہے کہ آپ پڑوس ممالک میں رہائش پذیر اقلیتوں کیلئے تو ملک کے دروازے کھول رہے ہیں اور ہمارے ملک میں مقیم مسلمانوں پر مصیبتوں کے پہاڑ توڑ رہے ہیں انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب بی جے پی حکومت کو ملک کی عوام ان کا ا پنا صحیح مقام دکھلا دے گی ۔