کے ایف سی ریسٹورنٹ کا غذائی لائسنس فوری طور پر معطل، فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن کی کارروائی

چھترپتی سمبھاجی نگر کے بیڑ بائی پاس پر واقع ریسٹورنٹ کے معائنے میں صفائی اور غذائی اشیاء کی ذخیرہ اندوزی میں خامیاں سامنے آئیں، تحریری اجازت ملنے تک کاروبار بند رکھنے کی ہدایت

ممبئی: مہاراشٹر کے فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) کے کمشنر توکارام منڈھے کی ہدایت پر ریاست میں غذائی اشیاء کے معیار اور صفائی کے متعلق کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی سلسلے میں چھترپتی سمبھاجی نگر کے بیڑ بائی پاس پر واقع کے ایف سی ریسٹورنٹ کا غذائی لائسنس فوری طور پر معطل کردیا گیا ہے۔ اچانک کیے گئے معائنے کے دوران غذائی اشیاء کی ذخیرہ اندوزی، درجہ حرارت پر قابو رکھنے اور صفائی ستھرائی سمیت متعدد خامیاں پائی گئیں۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق شاہنورواڑی علاقے میں واقع سفائر فوڈس انڈیا لمیٹڈ کے زیر انتظام کے ایف سی ریسٹورنٹ کا فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن کے افسران نے اچانک معائنہ کیا۔ اس دوران کچی اور پکی ہوئی غذائی اشیاء کو الگ الگ نہ رکھنے کے علاوہ سبزی خور اور گوشت خور اشیاء کی علیحدہ ذخیرہ اندوزی کے انتظامات میں بھی خامیاں سامنے آئیں۔ ریسٹورنٹ میں صفائی کے ناقص انتظامات، غذائی اشیاء کے لیے مقررہ درجہ حرارت برقرار رکھنے میں کوتاہی اور کیڑوں پر قابو پانے سے متعلق ریکارڈ دستیاب نہ ہونے جیسی بے ضابطگیاں بھی پائی گئیں۔

ان خامیوں کے پیش نظر انتظامیہ نے ریسٹورنٹ کا غذائی لائسنس فوری طور پر معطل کردیا۔ ساتھ ہی ہدایت دی گئی کہ تمام خامیوں کو دور کرنے اور انتظامیہ سے تحریری طور پر دوبارہ کاروبار شروع کرنے کی اجازت حاصل کرنے تک ریسٹورنٹ کا کاروبار بند رکھا جائے۔ اس کارروائی سے ہوٹل اور ریسٹورنٹ کاروبار سے وابستہ حلقوں میں ہلچل پیدا ہوگئی ہے۔

دوسری جانب نوراتری تہوار کے پیش نظر تلجاپور میں بھی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن نے نگرانی میں اضافہ کردیا ہے۔ عقیدت مندوں کو صاف ستھری، تازہ اور معیاری غذائی اشیاء فراہم کرنے کے مقصد سے 20 فوڈ سیفٹی افسران تعینات کیے گئے ہیں۔ یہ افسران ہوٹلوں، سڑکوں پر لگنے والی کھانے پینے کی ریڑھیوں اور عارضی دکانوں کا معائنہ کررہے ہیں۔

اسی طرح ادویات کی فروخت کے مراکز پر نگرانی رکھنے کے لیے 5 ڈرگ انسپکٹروں کی تقرری کی گئی ہے، تاکہ نقلی ادویات کی فروخت پر قابو پایا جاسکے۔ تہوار کے دوران عوامی صحت کو نقصان پہنچانے والی سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے محکمہ کی جانب سے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ ریاست میں غذائی اشیاء کے معیار، صفائی ستھرائی اور ادویات کی فروخت سے متعلق قواعد کی خلاف ورزیوں کو روکنے کے لیے فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن کی جانب سے مختلف مقامات پر کارروائیاں کی جارہی ہیں۔ کمشنر توکارام منڈھے کے عہدہ سنبھالنے کے بعد محکمہ کی سرگرمیوں اور کارروائیوں کے حوالے سے بھی کافی چرچا ہورہا ہے۔ تاہم ان کارروائیوں کے ساتھ ساتھ یہ بھی اہم ہے کہ متعلقہ کاروباری اداروں کو مقررہ غذائی تحفظ کے ضوابط پر عمل کرنے کا پابند بنایا جائے۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading