پٹنہ: سی اے اے این آر سی او ر این پی آر کے خلاف راجدھانی پٹنہ میں مسلسل 26ویں دن بھی احتجاج و مظاہرہ جاری ہے۔ پٹنہ کے سبزی باغ دھرنے میں روز بروز شدت آتی جارہی ہے۔ لوگوں کے حوصلے پست نہیں ہوئے ہیں بلکہ ان کے حوصلے مزید بلند ہورہے ہیں۔
اس دھرنا میں ریاست بہار سمیت ملک کے طول و عرض سے لوگ پہنچ رہے ہیں اور دھرنا مقام سے اپنی باتیں حکومت وقت تک پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ دھرنے میں بلا تفریق مذہب ملت ہر کوئی شریک ہے۔ دھرنے پر ہزاروں کی تعداد میں مردو خواتین کاجم غفیر نظر آتا ہے اور چھوٹے۔چھوٹے بچے اور بچیاں سی اے اے سے آزادی، این آر سی سے آزادی ، این پی آر سے آزادی کے نعرے لگا رہے ہیں۔
دھرنا مقام پر موجود لوگوں کا کہناہے کہ سی اے اے ، این آر سی ، این پی آر انتہائی خطرناک قانون ہے جو لوگوں کے مابین تفریق کا سبب بنے گا۔ اور اس سے ملک کی اتحاد وسالمیت بھی خطرے میں ہے ساتھ ہی یہ قانو ن غیر آئینی اور غیر جمہوری ہے۔ آج لوگوں کے مابین نفرت کی دیواریں کھڑی کی جارہی ہیں۔ حکومت میں بڑے بڑے عہدوں پر رہتے ہوئے لوگ زہر افشانی کر رہے ہیں اور سماج میں فرقہ واریت کا زہر گھول رہے ہیں، بالخصوص موجودہ حکومت فرقہ ورانہ خطوط پر ملک کو تقسیم کرنے کی کوشش میں شب ورز مصروف ہے۔سی اے اے بھی اسی کڑی میں سے ہے۔

انہوں نے کہا کہ سی اے اے سے صاف طور پر چھ طبقات کا تذکرہ کر کے دیگر باشندوں کو باہر رکھنا یہ بات ثابت کرتاہے کہ لوگوں کے مابین مذہب کی بنیاد پر دیواریں کھڑی کر دی جائیں اور ووٹوں کی تجارت کی جائے ۔ لیکن ہندوستان کی عوام اب سب سمجھ چکی ہے اورعوام کی اکثریت جو سیکولر ذہن کے حامل ہیں وہ اس کی مخالفت کر رہے ہیں معدود چند جو کہ موجودہ حکومت کی طرف سے اسپانسرڈ ہیں اور آر ایس ایس ذہنیت کے پروردہ لوگ ہی اس کالے قانون کی حمایت کر رہے ہیں ورنہ ملک کی اکثریت جن میں ہندو ، مسلمان ، سیکھ ، عیسائی سب ہیں اس کی مخالفت کر رہے ہیں پھر بھی حکومت کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی ہے جو انتہائی لمحہ فکریہ ہے۔
لوگوں کا کہنا ہے کہ سی اے اے ، این آر سی ، این پی آر کسی بھی قیمت پر ہمیں منظور نہیں ہے۔ہم سی اے اے ، این آر سی اور این پی آر کو مسترد کر تے ہیں اور اس کی پرزور الفاظ میں مذمت کر تے ہیں۔ سبزی باغ سمیت ریاست بہار کے مختلف مقامات دربھنگہ کے لال باغ ، قلعہ گھاٹ ، مدھوبنی کے اونسی زیرومائل ،مظفر پور کے ماڑی پور ،چندوارہ ،پٹنہ کے سمن پورہ ، دیگھا ، پٹنہ سیٹی ، لال باغ پٹنہ ،پھلواری شریف ، عالم گنج پٹنہ، گیا کے شانتی باغ ، سیتامڑھی ، سمستی پور ، سیوان ، گوپال گنج ، ارریہ سیمانچل ، بیگو سرائے ، پکڑی براواں نوادہ ، جہان آباد، رانی باغ سہرسہ سمیت متعدد مقامات پر بھی دھرنا احتجاجات و مظاہرات مسلسل جاری وساری ہیں۔
یہ ایک سینڈیکیٹیڈ فیڈ ہے ادارہ نے اس میں کوئی ترمیم نہیں کی ہے. – بشکریہ قومی آواز بیورو