سنت پر عمل ‘دنیا و آخرت میں کامیابی کا ضامن: مفتی محمد خلیل الرحمن قاسمی

ناندیڑ: 25جنوری (شیخ اکرم) ممتاز و محترم عالم دین حضرت مفتی محمد خلیل الرحمن صاحب قاسمی دامت برکاتہم نے انوارالمساجد میں خطبہ جمعہ سے قبل خطاب کرتے ہوئے سنت رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی اہمیت بتلائی۔ مفتی صاحب نے کہاکہ سنّت پر عمل کرنے سے دنیا بھی سنورتی ہے اور آخرت بھی۔ اور ایسا شخص دونوں جہاں میں معزز و سرخرو رہتا ہے۔ قرآن میں اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے ” آپ کہہ دیجئے اگر تم اللہ سے محبت کرنا چاہتے ہو تو تم میری پیروی کرو، اللہ تم سے محبت بھی کرے گا اور تمہارے گناہوں کو معاف بھی کرے گا۔ “ اگر انسان کو اللہ کی محبت نصیب ہوجائے تو ایسا انسان دنیا اور آخرت میں کامیاب ترین انسان ہے۔ مفتی صاحب نے مزید کہا کہ فی زمانہ مسلمانوں کی اکثریت صرف چند مخصوص سنتوں پر عمل کررہی ہے۔ قرآن کی تلاوت، صدقہ و خیرات، تہجد و اشراق، ذکر اللہ ، سنت نمازوں کا اہتمام، پڑوسی کے ساتھ حسن سلوک ، رشتہ داروں کا خیال اور انسانیت کی فکر جیسی سنتوں سے لاپرواہی و بے اعتناعی برتی جارہی ہے۔ جبکہ یہ سب ایسی سنتیں ہیں جو بہت طاقتور اور بڑے بڑے نتائج پیدا کرتی ہیں۔ مفتی صاحب نے یکے بعد دیگرے مذکورہ سنتوں کی فضیلت بتانے کے بعد کہا کہ حدیث کے مطابق ”جس نے میری اُمت کے بگاڑ کے زمانہ میں میری سنت کو مضبوطی سے پکڑا اس کو 100شہیدوں کا ثواب ملے گا۔“ آخر میں مفتی صاحب نے کہا کہ سنت نماز بھی اسی طرح پابندی سے پڑھیں جس طرح فرض نماز پڑھتے ہو، صرف فرض نماز پڑھ کر چلے جانے سے ایسا لگتا ہے جیسے فرض نماز کا ہم پر بہت بڑا بوجھ تھا جو ہم نے اُتار دیا۔

Leave a comment