سماج کلیان محکمہ کے تحت انفرادی فلاحی اسکیموں کے لئے درخواست کا عمل شروع
31 اگست 2025 تک آن لائن درخواست جمع کرنے کی اپیل

تھانے (آفتاب شیخ)
سماج کلیان محکمہ، ضلع پریشد تھانے کی جانب سے 5 فیصد معذور فلاحی اُپکر اور 20 فیصد ضلع پریشد اُپکر کے تحت مختلف انفرادی فلاحی اسکیمیں نافذ کی جارہی ہیں۔ اس کے لئے ضلع کے اہل معذور اور پسماندہ طبقہ (ایس سی/ایس ٹی/این ٹی) سے تعلق رکھنے والے مستفیدین سے درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔
ضلع سماج کلیان افسر اجولا سپکالے نے بتایا کہ درخواست جمع کرنے کی آخری تاریخ 31 اگست 2025 مقرر کی گئی ہے۔ خواہشمند مستفیدین ضلع پریشد کی سرکاری ویب سائٹ https://zpthaneschemes.com پر آن لائن درخواست جمع کر سکتے ہیں۔
5 فیصد معذور فلاحی اُپکر کے تحت اسکیمیں
معذور افراد کو خود روزگار کے لئے ترغیب، تپہیہ گاڑی (اسکوٹر) خریدنے پر سبسڈی، شادی کے لئے امدادی رقم، زرعی و مویشی پروری کاروبار جیسے بکری پالن، سور پالن، مچھلی پروری اور ڈیری کے لئے مالی مدد، معذور والدین کی بیٹی کے لئے "ماجی لیک" اسکیم کے تحت 50 ہزار روپے کی فکسڈ ڈپازٹ، اور اعلیٰ و ٹیکنیکل تعلیم کے لئے خصوصی وظیفہ شامل ہیں۔
20 فیصد ضلع پریشد اُپکر کے تحت اسکیمیں
پسماندہ طبقات کے طلبہ کو سائیکل تقسیم، تعلیم کے لئے یک مشت مالی امداد، گیارہویں و بارہویں کے طلبہ کے لئے ایم ایچ سی ای ٹی/جے ای ای/نیٹ کوچنگ فیس کی واپسی، چھوٹے صنعتوں کے لئے مالی مدد، ایم ایس سی آئی ٹی/ٹائپنگ کورس مکمل کرنے کے بعد فیس کی واپسی، اور پسماندہ طبقہ کے مستفیدین کو ڈی جے (Disc Jockey) کا سامان فراہم کرنا شامل ہے۔
ضروری دستاویزات
آدھار کارڈ، بینک کھاتہ، آمدنی کا سرٹیفکیٹ، تعلیمی/تربیتی اسناد، معذوری کا سرٹیفکیٹ (جہاں ضروری ہو)، ذات کا سرٹیفکیٹ اور مقامی بلدیہ کا سرٹیفکیٹ درخواست کے ساتھ منسلک کرنا ضروری ہوگا۔
تحصیل سطح پر درخواستوں کی جانچ یکم تا 15 ستمبر 2025 ہوگی، جبکہ ضلع سطح پر جانچ 16 تا 30 ستمبر 2025 تک کی جائے گی۔
سماج کلیان محکمہ نے واضح کیا ہے کہ درخواست کا عمل مکمل طور پر شفاف اور آسان رکھا گیا ہے۔ غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزارنے والے اور ایک لاکھ روپے تک کی سالانہ آمدنی رکھنے والے مستفیدین کو ترجیح دی جائے گی۔
ضلع پریشد کی جانب سے تمام اہل معذور اور پسماندہ طبقہ کے شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ 31 اگست 2025 تک درخواست دے کر ان اسکیموں کا فائدہ اُٹھائیں۔ ساتھ ہی گرام سیوکوں، سرپنچوں، اسکولوں اور کالجوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس اطلاع کو اہل مستفیدین تک پہنچا کر زیادہ سے زیادہ لوگوں کو اسکیموں سے فائدہ دلائیں۔