سرقہ شدہ موٹر سائیکلوں کے معاملے میں عادی ملزم گرفتارٗ 5 موٹر سائیکلیں برآمد

ناندیڑ :(ورق تازہ نیوز) مقامی جرائم شاخ ناندیڑ نے موٹر سائیکل چوری کے معاملات میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے ایک عادی چور کو گرفتار کر لیا ہے، جبکہ اس کے قبضے سے مختلف کمپنیوں کی 5 چوری شدہ موٹر سائیکلیں برآمد کر کے تقریباً 2 لاکھ 50 ہزار روپے مالیت کا مال ضبط کیا گیا ہے۔یہ کارروائی پولیس سپرنٹنڈنٹ ناندیڑ ابیناش کمار، ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ارچناپاٹل اور ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سورج گورو کی رہنمائی میں انجام دی گئی۔

کارروائی میں مقامی جرائم شاخ کے پولیس انسپکٹر اتول بھوسلے، پولیس سب انسپکٹر ناگناتھ اور ان کی ٹیم شامل تھی۔پولیس کے مطابق، ضلع ناندیڑ میں "آپریشن پنچ آؤٹ” مہم کے تحت موٹر سائیکل چوری کے بڑھتے ہوئے جرائم پر قابو پانے کے لیے خصوصی مہم چلائی جا رہی ہے۔ اسی سلسلے میں 29 مئی 2026 کو پولیس کو خفیہ اطلاع ملی کہ گولی پورہ ناندیڑ میں مونارک کینسر اسپتال کے قریب ایک شخص چوری کی موٹر سائیکل کے ساتھ موجود ہے۔

اطلاع کی بنیاد پر پولیس ٹیم نے موقع پر پہنچ کر شاہ رُخ یوسف سوداگر (عمر 32 سال)، ساکن سعید نگر، بھوکر ضلع ناندیڑ حال مقیم سہیوگ نگر راج کارنر ناندیڑ کو حراست میں لیا۔ پوچھ گچھ کے دوران اس کے قبضے سے مختلف کمپنیوں کی 5 موٹر سائیکلیں برآمد ہوئیں، جن کی مجموعی مالیت تقریباً 2 لاکھ 50 ہزار روپے بتائی گئی ہے۔تحقیقات کے دوران ملزم نے اعتراف کیا کہ اس نے اپنے ساتھی شیخ شوکت بن شبیر (عمر 22 سال، ساکن فاروق نگر ناندیڑ) کے ساتھ مل کر ناندیڑ، پرنہ ضلع پربھنی اور دیگر مقامات سے موٹر سائیکلیں چوری کی تھیں۔

پولیس کے مطابق دوسرا ملزم فی الحال مفرور ہے اور اس کی تلاش جاری ہے۔مزید تفتیش میں معلوم ہوا کہ برآمد شدہ موٹر سائیکلوں کے تعلق سے پولیس اسٹیشن شیواجی نگر، ہوائی اڈہ پولیس اسٹیشن ناندیڑ اور پرنہ ضلع پربھنی میں مختلف مقدمات درج ہیں۔پولیس نے گرفتار ملزم اور ضبط شدہ مال مزید تفتیش کے لیے شیواجی نگر پولیس اسٹیشن کے حوالے کر دیا ہے۔اس کامیاب کارروائی پر پولیس سپرنٹنڈنٹ اویناش کمارنے متعلقہ افسران اور اہلکاروں کی ستائش کرتے ہوئے ان کی خدمات کو سراہا۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading