ناندیڑ :(ورق تازہ نیوز) ضلع ناندیڑ میں امن و امان برقرار رکھنے اور منظم جرائم پر قابو پانے کے لیے جاری آپریشن کریک ڈاؤن” کے تحت پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے تین سنگین مقدمات میں 24 ملزمان کے خلاف مہاراشٹر کنٹرول آف آرگنائزڈ کرائم ایکٹ (MCOCA) یعنی موکّا قانون کی دفعات نافذ کر دی ہیں۔یہ کارروائی پولیس سپرنٹنڈنٹ ناندیڑاویشناک کمارٗ ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ارچناپاٹل اور ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سورج گورو کی رہنمائی میں عمل میں لائی گئی۔موکّا کارروائی کی تجویزسنوش تابنے، پولیس انسپکٹر بھاگیہ نگر پولیس اسٹیشن اور رام داس شینگے، پولیس انسپکٹر ایئرپورٹ پولیس اسٹیشن نے پیش کی تھی۔
اس کارروائی میں سب ڈویژنل پولیس آفیسر رامیشوروجنے ٗجرائم شاخ کے پولیس انسپکٹر اتول ، پولیس انسپکٹر سمیت دیگر اہلکار شامل تھے۔پولیس کے مطابق، ناندیڑ ضلع میں سرگرم عادی اور منظم جرائم پیشہ عناصر کے خلاف "2+ اسکیم” کے تحت خصوصی مہم چلائی جا رہی ہے۔ بار بار کارروائی کے باوجود ان مجرموں کی سرگرمیوں میں کمی نہ آنے پر ان کے خلاف سخت قانونی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔پولیس اسٹیشن بھاگیہ نگر کی حدود میں 4 اپریل 2026 کو کینال روڈ پر واقع ای اسکوائر کے قریب دو گروہوں کے درمیان غلبے کی لڑائی کے سبب تین قتل کی وارداتیں پیش آئی تھیں، جن کے مقدمات درج ہیں۔ اسی طرح 26 اپریل 2026 کو ایئرپورٹ پولیس اسٹیشن حدود میں بھی ملزمان نے باہمی دشمنی اور غلبے کی لڑائی کے سبب سنگین جرائم انجام دیے تھے۔پولیس تحقیقات میں سامنے آیا کہ یہ تمام ملزمان منظم انداز میں مالی فائدے کے لیے جرائم انجام دیتے تھے۔
ان کے خلاف مختلف پولیس اسٹیشنوں میں سنگین نوعیت کے متعدد مقدمات درج ہیں اور کئی معاملات میں عدالتوں نے چارج شیٹ کا نوٹس بھی لیا ہے۔ اس کے باوجود ملزمان کی سرگرمیاں جاری رہیں اور ضمانت پر رہا ہونے کے بعد دوبارہ جرائم میں ملوث پائے گئے۔پولیس کے مطابق، ان منظم جرائم پیشہ گروہوں کی سرگرمیوں سے عوامی زندگی متاثر ہو رہی تھی اور امن و امان کو خطرہ لاحق تھا۔ اسی بنیاد پر دونوں مقدمات میں موکّا قانون شامل کرنے کی تجویز ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس ناندیڑ رینج کو بھیجی گئی تھی۔بعد ازاں 28 مئی 2026 کو ڈی آئی جی ناندیڑ رینج نے تینوں مقدمات میں MCOCA قانون کے تحت کارروائی اور تفتیش کی منظوری دے دی۔جن ملزمان پر موکّا قانون نافذ کیا گیا ہے
ان میں دیپک ارجن پوار، روہت پرکاش کھلّارے، آکاش گویندراؤ لُلے، پپو عرف لالبا گجلواڑ، راجیش پوار، اویناش چوہان، روشن ہلّدے، پرشک عرف پرشیا اوڑھنے، چندرشیکھر عرف چندیا پائیکراؤ، سہیل عرف چِندی پٹھان، محمد توفیق شیخ، سائی سنگھ عرف سائی لالا، جئے کمار عرف سونو راؤت، شاکر خان، شاہرخ عرف کبوتر، شیخ عبید، دگوجئے ناراگوڑے، منمت منگرولے، نتیش انگلے، گورو گہروار، سید عوض سید خلیل، محمد ارباز، الیاس عرف کالا اور شاہرخ عرف ہنٹر شامل ہیں۔پولیس انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ "آپریشن کریک ڈاؤن” کے تحت مستقبل میں بھی منظم جرائم، عادی مجرموں اور جرائم پیشہ ٹولیوں کے خلاف MPDA، MCOCA اور ضلع بدر جیسی سخت کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ ضلع میں امن و امان برقرار رکھا جا سکے۔