سب سے بڑا الٹ پھیر: مہاراشٹر میں بی جے پی۔این سی پی کی حکومت

 ممبئی۔ مہاراشٹر بڑے سیاسی اٹھاپٹخ کا گواہ بنا ہے۔ تمام قیاس آرائیوں کے درمیان ریاست میں بھارتیہ جنتا پارٹی، این سی پی کے ساتھ مل کر حکومت بنانے میں کامیاب رہی ہے۔ بی جے پی کے دیویندر فڑنویس نے ہفتہ کی صبح مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ کے طور پر ایک بار پھر سے حلف لے لیا ہے۔ گورنر بھگت سنگھ کوشیاری نے انہیں ہفتہ کی صبح عہدہ اور رازداری کا حلف دلایا۔ ساتھ ہی این سی پی کے اجیت پوار نے نائب وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف لیا

اس درمیان مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ کا حلف لینے کے بعد دیویندر فڑنویس کو مبارکبادیاں ملنے کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ پی ایم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے فڑنویس کے وزیر اعلیٰ بننے پر خوشی کا اظہار کیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ وہ عوام کے حق میں کام کریں گے۔ پی ایم نریندر مودی نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ ’’دیویندر فڑنویس جی اور اجیت پوار جی کو بالترتیب وزیر اعلیٰ اور نائب وزیر اعلیٰ عہدہ کا حلف لینے پر مبارکباد۔ مجھے یقین ہے کہ وہ مہاراشٹر کے روشن مستقبل کے لیے لگن سے کام کریں گے۔‘‘ امت شاہ نے بھی فڑنویس کے ساتھ ساتھ این سی پی لیڈر اجیت پوار کو نائب وزیر اعلیٰ بننے پر مبارکباد دی۔

حلف برداری کے بعد وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے کہا کہ ہمیں حکومت بنانے کا مینڈیٹ ملا تھا لیکن شیوسینا نے دوسری پارٹیوں کے ساتھ گٹھ بندھن کی کوشش کی جس کا نتیجہ یہ نکلا کہ ریاست میں صدر راج نافذ ہو گیا۔ مہاراشٹر کے عوام کو مستحکم حکومت چاہئے نہ کہ کوئی کھچڑی۔ شیوسینا نے مینڈیٹ کی سیدھے طور پر توہین کی ہے۔ اس دوران انہوں نے اجیت پوار کا احسان جتایا۔ انہوں نے کہا کہ میں ممنون ہوں کہ وہ میرے ساتھ آئے۔ ہم اب مہاراشٹر میں ایک مستحکم حکومت دیں گے

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading