سام سنگ کے نئے فون ایس 26 میں ’پرائیویسی ڈسپلے‘ کا انوکھا فیچر کیسے کام کرتا ہے؟

سام سنگ نے اپنا جدید سمارٹ فون گلیکسی ایس 26 لانچ کیا ہے جس کی قیمت سابقہ ماڈلز سے قدرے زیادہ ہے۔

اس فون کی ایک خاص بات یہ ہے کہ اس میں پہلی بار ’پرائیویسی ڈسپلے‘ کا فیچر دیا گیا ہے۔ اس کی مدد سے آپ یہ یقینی بنا سکتے ہیں کہ کوئی دوسرا شخص آپ کی سکرین کو نہ دیکھ سکے۔سام سنگ ایس 26 سیریز 11 مارچ سے فروخت ہونا شروع ہو گی۔

خیال رہے کہ میموری چپ کی طلب میں اضافے کے بعد الیکٹرانک مصنوعات کی قیمتوں پر دباؤ پڑا ہے۔سام سنگ نے گذشتہ ماہ متنبہ کیا تھا کہ مصنوعی ذہانت کے استعمال میں اضافے کے بعد چِپ کی قلت بڑھ رہی ہے اور اس کا دباؤ سمارٹ فونز اور ڈسپلے یونٹس پر پڑ رہا ہے۔میٹا، گوگل اور مائیکرو سافٹ جیسی کمپنیاں مصنوعی ذہانت کا انفراسٹرکچر تعمیر کرنا چاہتی ہیں۔ یوں میموری چِپ کی طلب بڑھی ہے۔ اب چِپ بنانے والی کمپنیاں صارفین کی ڈیوائسز کی بجائے ڈیٹا سینٹر کے لیے زیادہ منافع بخش چیزوں کا رُخ کر رہی ہیں۔

تو کیا آئی فون کی قیمتیں بھی بڑھیں گی؟ اس حوالے سے ایپل کے سربراہ ٹِم کُک نے جنوری میں بتایا تھا کہ انھیں میموری چِپ کی قیمتوں میں اضافے کی توقع تھی تاہم انھوں نے اس کا جواب نہیں دیا کہ آیا ایپل بھی اس کے ردعمل میں قیمتیں بڑھائے گا۔

گذشتہ برس چین اور انڈیا میں آئی فون کی طلب بڑھی تھی جس سے سام سنگ کو نقصان جھیلنا پڑا تھا۔
فون کا وہ فیچر جس پر سوشل میڈیا صارفین بھی دلچسپی ظاہر کر رہے ہیں اس کا نام پرائیویسی ڈسپلے ہے۔ یہ ایک آپشن کی صورت میں فون کے ڈراپ ڈاؤن مینیو میں موجود ہے۔

سام سنگ کے مطابق ’پکسل لیول‘ پر پرائیویسی نئی پیشرفت ہے جو صارفین کے تحفظ کے طریقے کو بنیادی طور پر بدل دیتی ہے۔

روزمرہ حالات جیسے سفر، ریستوران یا دفتر میں جب آپ فون استعمال کرتے ہیں تو آپ اپنی ذاتی معلومات کی رازداری یقینی بنانا چاہتے ہیں۔

سام سنگ کے مطابق ’روشنی کے پھیلاؤ کو پکسل کی سطح پر کنٹرول کرتے ہوئے یہ ڈسپلے صارف کے لیے روزمرہ استعمال میں مواد کو واضح، چمکدار اور آرام دہ رکھتا ہے جبکہ دوسروں کی جانب سے دیکھے جانے کے امکانات کو محدود کرتا ہے۔‘

روایتی پرائیویسی فلمز کے برعکس اگر آپ یہ فیچر بند رکھتے ہیں تو اطراف سے سکرین کو باآسانی دیکھا جا سکتا ہے مگر جب اسے آن کرتے ہیں تو اطراف سے ڈسپلے سیاہ رہتا ہے، یعنی کوئی آپ کے پیغامات نہیں پڑھ سکتا۔

صارفین اپنی سہولت کے مطابق یہ منتخب کر سکتے ہیں کہ یہ خصوصیت کب آن ہو، جیسے پِن یا پاس ورڈ درج کرتے وقت یا مخصوص ایپس کھولنے پر۔ آپ حالات کے مطابق پرائیویسی لیول کو ایڈجسٹ بھی کر سکتے ہیں۔

جزوی اور مکمل پرائیویسی ڈسپلے کے ذریعے آپ سکرین کو جب چاہیں اور جتنا چاہیں دھندلا کر سکتے ہیں۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading