سات افراد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر اسلام آباد میں مدرسہ سیل

اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے کورونا وائرس کے باعث ایف سیون مرکز میں واقع مدرسہ باب الاسلام کو سیل کر دیا گیا ہے۔انتظامیہ کے مطابق مدرسہ باب الاسلام کے خطیب قائم علی شاہ کے والد دو دن پہلے انتقال کرگئے تھے، بعد میں ان کے کورونا وائرس ٹیسٹ کا نتیجہ آیا جو مثبت تھا۔ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات کے مطابق ٹیسٹ مثبت آنے پر متوفی کے بیٹے اور دیگر رابطے میں رہنے والے افراد کا ٹیسٹ کیا گیا تو مدرسے میں رہائش پذیر سات افراد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر کے مطابق ’ہم نے مدرسہ و مسجد سیل کر دیے ہیں اور اب ان افراد کو مدرسہ ہی میں قرنطینہ میں رکھا جائے گا۔ مدرسے کے مزید افراد کا بھی ٹسیٹ کیا جائے گا۔‘پاکستان میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے باعث 17 ہلاکتیں ہوئی ہیں جب کہ 533 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 17 ہلاکتیں ہوئی جس کے بعد اس وبا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 209 ہو گئی ہے۔ملک میں کورونا سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 533 نئے کیسز کے ساتھ نو ہزار 749 ہوگئی ہے۔

ملک بھر میں وائرس سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد میں بھی بتدریج اضافہ ہو رہا ہے اور اب تک دو ہزار 156 مریض اس مرض سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔پاکستان میں کورونا وائرس کے سب سے زیادہ کیسز پنجاب میں رپورٹ ہوئے ہیں۔پنجاب میں اس وبا کے کل مریضوں کی تعداد چار ہزار 328 ہوگئی ہے۔ دوسرے نمبر پر سندھ ہے جہاں کورونا کے اب تک تین ہزار 53 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں