ریاض نائیکو سمیت 4 جنگجووں کی ہلاکت کے بعد کشمیر میں کشیدگی، فون اور انٹرنیٹ خدمات منقطع

downloadسری نگر، 6 مئی (یو این آئی) جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں بدھ کو دو الگ الگ علاقوں میں ہونے والے دو مختلف جنگجو مخالف آپریشنز میں حزب المجاہدین کے آپریشنل کمانڈر ریاض نائیکو سمیت چار جنگجوئوں کو ہلاک کیا گیا۔جہاں سیکورٹی فورسز نے ریاض نائیکو کی ہلاکت کو ایک بڑی کامیابی سے تعبیر کیا ہے وہیں یہ وادی کشمیر میں سرگرم جنگجوئوں اور ان کی تنظیموں کے لئے ایک بہت بڑا نقصان ہے۔انتظامیہ نے کشمیر بھر میں انٹرنیٹ اور فون خدمات منقطع کردی ہیں۔ نیز وادی میں گذشتہ 49 دنوں سے نافذ لاک ڈائون میں مزید سختی لائی ہے۔ جنوبی کشمیر اور سری نگر کے پائین شہر میں کرفیو جیسی پابندیاں عائد کی گئی ہیں اور بڑی تعداد میں سیکورٹی فورسز اہلکار سڑکوں پر تعینات کردیے گئے ہیں۔موصولہ اطلاعات کے مطابق پلوامہ میں ریاض نائیکو کی خبر پھیلتے ہی وادی کے متعدد علاقوں میں نوجوان سڑکوں پر نکل آئے اور سیکورٹی فورسز پر پتھرائو کیا۔

سیکورٹی فورسز نے پتھرائو کے مرتکب نوجوانوں کو منتشر کرنے کے لئے آنسو گیس کے گولوں کا استعمال کرنے کے علاوہ پیلٹ بھی داغے۔ضلع پلوامہ سے موصولہ ایک رپورٹ کے مطابق بیگ پورہ میں جنگجو مخالف آپریشن ختم ہونے کے فوراً بعد نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد وہاں پہنچی اور سیکورٹی فورسز پر چاروں اطراف سے شدید پھترائو کیا۔ سیکورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں کم از کم ڈیڑھ درجن افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ زخمیوں میں سے اکثر کو سری نگر کے ایس ایم ایچ ایس ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔نیشنل کانفرنس کے نائب صدر و سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ ریاض نائیکو کی تقدیر کا فیصلہ اسی دن ہوا تھا جس دن اس نے بندوق اٹھائی تھی۔ان کا ٹوئٹ میں کہنا تھا: ‘ریاض نائیکو کی تقدیر کا فیصلہ اسی دن ہوا تھا جس دن انہوں نے بندوق اٹھائی اور تشدد و دہشت کا راستہ اختیار کیا۔ ان کی ہلاکت کو لوگوں کو تشدد اور احتجاجوں پر اکسانے کے طور پر استعمال نہیں کیا جانا چاہیے جس کے نتیجے میں لوگوں کی مشکلیں دوچند ہوجائیں گی’۔

33 سالہ ریاض نائیکو، جنہیں اپنے ہی آبائی گائوں بیگ پورہ میں ہی ہلاک کیا گیا، کو حزب المجاہدین کے سابق کمانڈر برہان مظفر وانی کا جانشین سمجھا جاتا تھا۔ برہان وانی کو جولائی 2016 میں ہلاک کیا گیا تھا جس کے بعد کشمیر میں بڑے پیمانے پر پُرتشدد احتجاجی مظاہرے بھڑک اٹھے تھے جن میں زائد از ایک سو افراد مارے گئے تھے۔سیکورٹی ذرائع کے مطابق ریاض نائیکو مطلوب ترین جنگجو کمانڈر تھا جس کے سر پر 12 لاکھ روپے کا انعام مقرر تھا۔ وہ اے پلس پلس زمرے کا جنگجو تھا اور مقامی نوجوانوں کو جنگجوئوں کی صفوں میں شامل کرنے میں سرگرم رہتا تھا۔ریاض نائیکو سنہ 2012 میں جنگجوئوں کی صفوں میں شمولیت اختیار کرنے سے قبل تین سال تک بچوں کو ریاضی کا مضمون پڑھاتا رہا اور مقامی لوگوں کے مطابق بحیثیت ماہر ‘ریاضی استاد’ علاقہ میں کافی مشہور تھا۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ضلع پلوامہ کے بیگ پورہ اور شارشالی کھریو میں جنگجوئوں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاعات ملنے پر سیکورٹی فورسز نے منگل اور بدھ کی درمیانی رات کے دوران دونوں علاقوں کو محاصرے میں لیکر تلاشی آپریشن شروع کیا۔انہوں نے کہا کہ بیگ پورہ میں ریاض نائیکو کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع ملی تھی۔ طرفین کے درمیان ہونے والے تصادم میں نائیکو اور اس کے ایک ساتھی کو ہلاک کیا گیا۔ نائیکو کے ساتھ جاں بحق ہونے والے جنگجو کی شناخت عادل کے طور پر ہوئی ہے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ شارشالی کھریو میں بھی چھڑنے والے تصادم میں دو جنگجو مارے گئے۔ انہوں نے کہا کہ جنگجو مخالف آپریشنوں کے دوران سیکورٹی فورسز کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔پولیس کی طرف سے جاری ایک بیان کے مطابق شارشالی کھریو میں مارے گئے جنگجو لشکر طیبہ سے وابستہ تھے جن کے قبضے سے اسلحہ وگولہ بارود برآمد کیا گیا ہے۔بیان کے مطابق بیگ پورہ میں مارے گئے ریاض نائیکو جموں وکشمیر میں حزب المجاہدین کی احیائے نو کے ماسٹر مائنڈ تھے۔ وہ آڈیو اور ویڈیو کلپس بناکر سوشل میڈیا پر ڈالتا تھا جن کا مقصد نوجوانوں کو جنگجویت کی طرف راغب کرنا ہوتا تھا۔ بیان کے مطابق نائیکو کے خلاف پولیس تھانوں میں ایک درجن سے زیادہ مقدمات درج ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کے لئے عملائی گئی پالیسی کے تحت مہلوک جنگجوئوں کو شناخت کے بعد کچھ قریبی رشتہ داروں کی موجودگی میں دوسرے اضلاع میں دفنایا جائے گا۔جموں وکشمیر پولیس کے سابق سربراہ شیش پال وید نے ریاض نائیکو کی ہلاکت کو سیکورٹی فورسز اور جموں وکشمیر پولیس کے لئے ایک بہت بڑی کامیابی قرار دیا ہے۔انہوں نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا: ‘ایک مشترکہ آپریشن میں حزب المجاہدین کے کمانڈر ریاض نائیکو کی ہلاکت جموں وکشمیر پولیس اور سیکورٹی فورسز کے لئے ایک بہت بڑی کامیابی ہے۔ وہ کئی پولیس اہلکاروں کے اغوا اور قتل میں ملوث تھا’۔سنہ 2017 میں جاری انٹیلی جنس بیورو کی ایک رپورٹ میں ریاض نائیکو کو ‘ایک ماہر ترین حزب المجاہدین کمانڈر’ قرار دیا گیا تھا۔ مذکورہ رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ نائیکو ٹیکنالوجی کا بہتر استعمال بھی جانتا ہے۔انتظامیہ نے ریاض نائیکو کی بیگ پورہ میں پھنسے ہونے کی خبر پھیلتے ہی بدھ کی صبح ساڑھے نو بجے پوری وادی میں انٹرنیٹ خدمات بند کردیں۔ بعد ازاں جب ریاض نائیکو کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی تو سبھی دس اضلاع میں موبائل انٹرنیٹ کے ساتھ ساتھ فون خدمات بھی منقطع کردی گئیں۔تاہم یہ رپورٹ فائل کئے جانے تک سرکاری مواصلاتی کمپنی بھارت سنچار نگم لمیڈ کی براڈ بینڈ انٹرنیٹ اور کالنگ خدمات چالو تھیں۔یو این آئی اردو کو موصولہ اطلاعات کے مطابق ریاض نائیکو کی ہلاکت کی خبر پھیلتے ہی وادی کے مختلف علاقوں بالخصوص جنوبی کشمیر اور سری نگر میں نوجوانوں نے کورونا وائرس لاک ڈائون کے باوجود سڑکوں پر نکل کر فورسز پر پتھرائو کیا جنہوں نے ردعمل میں آنسو گیس کے گولے داغے اور پیلٹ فائر کئے۔ تاہم فوری طور پر کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔سیکورٹی ذرائع نے بتایا کہ احتیاط کے طور پر جنوبی کشمیر اور سری نگر میں پابندیاں سخت کی گئیں اور لوگوں کی نقل وحرکت کو روکنے کے لئے سیکورٹی فورسز کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے۔ریاض نائیکو سمیت مزید چار جنگجوئوں کی ہلاکت کے ساتھ وادی میں گذشتہ بارہ دنوں کے دوران مارے جانے والے جنگجوئوں کی تعداد بڑھ کر 18 ہوگئی ہے۔دستیاب اعداد وشمار کے مطابق وادی میں ماہ صیام کے پہلے بارہ دن انتہائی خونین ثابت ہوئے ہیں جس دوران جنگجوؤں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان معرکہ آرائیوں اور دیگر مسلح تشدد کی وارداتوں میں کم از کم 29 ہلاکتیں ہوئیں جن میں 18 جنگجو، 2 جنگجوؤں کے مبینہ ساتھی و حمایتی، تین افسروں سمیت 8 سیکورٹی فورسز اہلکار اور ایک 14 سالہ جسمانی طور ناخیز طالب علم بھی شامل ہیں۔نیز اسی عرصے کے دوران شمال سے جنوب تک ہونے والے پراسرار دھماکوں اور گرینیڈ حملوں میں کم از کم دو درجن افراد بشمول عام شہری و سیکورٹی فورسز اہلکار زخمی ہوئے۔ادھر جہاں وادی کے اندر جنگجوؤں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان جھڑپوں اور دیگر مسلح کارروائیوں کا سلسلہ تیز ہے وہیں دوسری طرف لائن آف کنٹرول اور بین الاقوامی سرحد پر بھی ہندوستان اور پاکستان کی افواج کے درمیان ایک دوسرے کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کا سلسلہ بھی تواتر کے ساتھ جاری ہے جس کے نتیجے میں حالیہ دنوں کے دوران کئی افراد زخمی ہوئے اور املاک کو بھی نقصان پہنچا۔ماہ رمضان کے آغاز سے ہی سیکورٹی اداروں نے جنگجوؤں کے خلاف شکنجہ مزید کستے ہوئے جنگجو مخالف آپریشنز کا سلسلہ تیز تر کردیا جس کے چلتے شاید ہی پہلے بارہ دنوں میں کوئی دن ایسا گذرا جس دن طرفین کے درمیان آمنا سامنا نہ ہوا ہو اور خونین معرکہ آرائی نہ چھڑ گئی ہو۔دریں اثنا سیکورٹی اداروں نے مارے جانے والے عسکریت پسندوں کی شناخت ظاہر کرنا بند کردیا ہے اور انہیں اپنے آبائی علاقوں سے دور نامعلوم اور غیر ملکی عسکریت پسندوں کے لئے مخصوص قبرستانوں میں دفنانا شروع کیا ہے۔ہندوارہ میں چار مئی کی شام سیکورٹی فورسز پر حملے کے دوران جان بحق ہوئے 14 سالہ کمسن طالب علم کو بھی اپنے آبائی مقبرے کے بجائے ضلع بارہمولہ کے شیری علاقے میں ایک قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا۔کشمیر کے حالات پر گہری نظر رکھنے والے تجزیہ کاروں کے مطابق انیس سو نوے کی دہائی میں شروع ہوئی مسلح شورش میں پہلی بار ایسا ہوا ہے جب مقامی عسکریت پسندوں کی لاشیں ان کے لواحقین کو سونپنے کے بجائے دوسرے اضلاع میں واقع مخصوص قبرستانوں میں دفنائی جارہی ہیں۔