رکن پارلیمنٹ نریش مہسکے کی پریس کونسل آف انڈیا میں تقرری، تھانے کے لیے ایک اور اعزاز
شیو سینا کے رکن پارلیمان نریش مہسکے کو لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے پریس کونسل آف انڈیا کا رکن مقرر کیا ہے۔ اس اہم تقرری نے تھانے کے سر پر ایک اور فخر کا تاج سجا دیا ہے، اور رکن پارلیمان نریش مہسکے کی عوامی خدمات کے اعتراف کے طور پر اسے سراہا جا رہا ہے۔
لوک سبھا اسپیکر نے منگل کی دیر رات پریس کونسل کے تین نئے ارکان کے ناموں کا اعلان کیا، جن میں نریش مہسکے کے ساتھ کالی چندر منڈا اور سمبیت پاترا کے نام شامل ہیں۔
پریس کونسل آف انڈیا ملک کی ایک اہم آئینی ادارہ ہے جو صحافت کی آزادی، اخلاقی اقدار اور پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی نگہبانی کرتی ہے۔ اس ادارے میں نریش مہسکے جیسے بیدار رہنما کی تقرری صحافت کے چوتھے ستون کو مزید طاقت فراہم کرے گی، ایسا خیال شیو سینا کے پارلیمانی لیڈر ڈاکٹر شری کانت شندے نے ظاہر کیا ہے۔
نریش مہسکے کو حال ہی میں ’سنسد رتن‘ ایوارڈ سے بھی نوازا گیا ہے۔ وہ پارلیمنٹ میں کئی اہم کمیٹیوں کے رکن ہیں جن میں مرکزی وزارتِ رہائش و شہری امور کی قائمہ کمیٹی، وقف ترمیمی بل 2024 کے لیے تشکیل دی گئی مشترکہ پارلیمانی کمیٹی، ریلوے مشاورتی کمیٹی، ہندی زبان مشاورتی کمیٹی اور ڈاک و ٹیلی کمیونیکیشن وزارت کی مشاورتی کمیٹی شامل ہیں۔
رکن پارلیمان نریش مہسکے نے اس تقرری پر اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا، "یہ اعزاز میرے ووٹروں، مہایوتی، خواتین محاذ کے عہدیداروں، کارکنوں اور تمام شیوسینکوں کی کامیابی ہے جنہوں نے مجھے اپنے اعتماد سے پارلیمنٹ میں پہنچایا۔" انہوں نے مزید کہا کہ انہیں پارلیمنٹ میں کام کرنے کی ترغیب اور توانائی ریاست کے نائب وزیر اعلیٰ ایک ناتھ شندے اور شیوسینا کے پارلیمانی رہنما ڈاکٹر شری کانت شندے کی رہنمائی و حمایت سے حاصل ہوتی ہے۔
محض چند مہینوں میں اپنے پہلے پارلیمانی میعاد کے دوران نریش مہسکے نے اہم ذمہ داریاں سنبھال کر نہ صرف اپنے حلقے بلکہ ریاست مہاراشٹر کا بھی نام روشن کیا ہے۔
