
نئی دہلی، 5 اکتوبر (یو این آئي) عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے مطابق دنیا کی 10 فیصد آبادی کورونا وائرس (کووڈ 19) سے متاثر ہوچکی ہے اور مزید ایک بڑی آبادی کو انفیکشن ہونے کا خطرہ لاحق ہے۔
ڈبلیو ایچ او کے مطابق لوگوں کو کورونا وائرس سے متاثر ہو نے کے جو اعداد و شمار سامنے آرہے ہیں وہ صرف ایک پہلو ہے کیونکہ اتنے بڑے پیمانے پر گنتی کے درست ہونے کا امکان کم ہی ہے۔ جان ہاپکنس یونیورسٹی کے سائنس اور انجینئرنگ کے سنٹر (سی ایس ایس ای) کی طرف سے جاری ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق دنیا بھر میں اب تک 35078236 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں اور اب تک 1036104 مریضوں کی موت ہو چکی ہے۔
ڈبلیو ایچ او کے ہیلتھ ایمرجنسی پروگرام کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر مائیکل راین نے آج کہا کہ "دنیا میں ہر دسواں فرد کو کورونا وائرس ہونے کا مکمل امکان ہے۔ تاہم، شہری اور دیہی علاقوں کے مطابق انفیکشن کی صورتحال بدل سکتی ہے۔ مجموعی طور پر، یہ کہنا مناسب ہوگا کہ دنیا کی ایک بڑی آبادی پر اب بھی انفیکشن کا خطرہ منڈلا رہا ہے۔ اب ہم اور بھی مشکل وقت کی طرف جارہے ہیں۔ یہ وبا لگاتار پھیلتی جارہی ہے”۔
انہوں نے کہا کہ "کورونا وائرس جنوب مشرقی ایشیاء کے کچھ حصوں میں تیزی سے پھیل رہا ہے اور یورپ اور مشرقی بحیرہ روم میں بھی کورونا وائرس کے انفیکشن اور موت کے معاملے بڑھ رہے ہیں”۔