دماغ اﷲ تعالیٰ کی بہترین تخلیق ہے اور بشر کے لئے ایک انمول تحفہ خداوندی ہے . جس کو انسان استعمال کر کے نئی نئی ایجادات اور بڑے سائنسی کارنامے انجام دے رہا ہے .
ہمیں باقی اعضاء کی طرح اس کا بھی خیال رکھنا چاہئے کیونکہ یہی دماغ ہمارے سارے نظام کو چلا رہا ہے اگر دماغ صحت مند ہے تو انسان اس سے بھر پور فائدہ لے سکتا ہے انسان کی عمر جوں جوں بڑھتی ہے اس کی یاداشت بھی کمزور ہوتی چلی جاتی ہے.اور ہم اکثر اپنی رکھی ہوئی چیزیں بھولنا شروع ہو جاتے ہیں.ہر انسان چاہتا ہے کہ اس کی یاداشت اس کا زیادہ عرصہ تک ساتھ دے.لیکن ہم عمر کے ڈھلنے کو تو روک نہیں سکتے لیکن چند تدابیر کر کے اپنی یاداشت کو بہتر بنا سکتے ہیں.
میرا آج کا موضوع بھی یہی ہے.ہم میں سے اکثر لوگ نہیں جانتے کہ دماغ کی صحت کو کیسے بہتر بنائیں لیکن تھوڑی سی کوشش کر کے ہم اپنی دماغی صلاحیتوں کو بہتر کر سکتے ہیں.بڑوں کے ساتھ ساتھ طلبا کی یاداشت بھی کبھی کبھی کمزور ہو جاتی ہے جس سے ان کے پڑھنے کی صلاحیت متاثر ہوتی ہے.اور اس کے لئے وہ دواؤں کا استعمال کرتے ہیں جو اکثر فائدہ مند نہیں ہوتیں. آپ سب جانتے ہیں کہ ہمارا دماغ ایک پیچیدہ لیکن انمول مشین ہے.اس لئے اس کی بہتری کے لئے ہمیں ابھی سے اپنے آپ کو تیار کرنا ہو گا.آج اس مضمون میں میں آپ کو یہ سب کچھ بتانے والا ہوں کہ آپ اپنے دماغ کو کیسے تیز اور یاداشت کو بہتر بنا سکتے ہیں. یاداشت کی کمی جیسے مسائل سے ہر شخص گزرتا ہے.
کچھ مختلف دوائیوں کا سہارا لیتے ہیں اور کچھ اشتہارات دیکھ کر متاثر ہوتے ہیں اور اپنی دماغی صلاحیتوں کو بڑھانے کے کیا کیا جتن کرتے ہیں اور اس میں ناکام رہتے ہیں. آج میں آپ کو انتہائی آسان اور مفید مشورے دوں گا جن کو اپنا کر آپ اپنے دماغ کو نہ صرف تیز بلکہ یاداشت کو بھی بہتر بنا سکتے ہیں.ایک اور بات کہ اگر آپ کام کرتے وقت ایک ہاتھ کا زیادہ استعمال کرتے ہیں تو دوسرے کا کم کرتے ہیں تو آج سے اس ہاتھ کا استعمال بھی شروع کر دیں جس کا استعمال آپ کم کرتے ہیں.یہ عمل بھی دماغی صحت کی لئے فائدہ مند ہے.
سب سے پہلے ضروری ہے کہ آپ باقاعدہ چہل قدمی کو اپنا معمول بنائیں.اس سے آپ کے دماغ پر اچھا اثر پڑتا ہے.اور یہ الزائمر کے مریضوں کے لئے بہت مفید ہوتا ہے.٭ نوجوان روزانہ چھ میل چلیں.اس سے ان کا دماغ تیز ہوتا ہے نسبت ان کے جو پیدل نہیں چلتے.٭ آپ صبح جلدی بیدار ہوں اور رات کو جلدی سو جائیں.٭ہمیشہ ہوا دار جگہ پر سوئیں جہاں سے آپ کو بہتر آکسیجن کا حصول ممکن ہو سکے کیونکہ آکسیجن دماغ کے لئے مفید ہے.٭ صبح نماز پڑھیں پھر ہلکی ورزش کریں اور لمبے لمبے سانس لیں جو آکسیجن کو آپ کے دماغ تک پہنچاتے ہیں.٭ کوئی کھیل ضرور کھیلیں اس سے دماغی صلاحتیں بڑھتی ہیں.٭ہمیشہ سادہ لیکن متوازن خوراک کا استعمال کریں.٭ ایسی بیماریوں کا بروقت علاج کروائیں جو دماغی صلاحیتوں کو متاثر کرتی ہیں جیسے بلڈ پریشر،شوگر اور دماغی امراض وغیرہ.٭ رات سوتے وقت دن کی تلخ باتوں کو یاد نہ کریں اور پر سکون نیند لینے کی کوشش کریں.٭ مضر صحت اشیاء جیسے تمباکو نوشی،شراب اور کیفین وغیرہ سے پرہیز رکھیں.٭ روزانہ کچھ سیکھنے کی کوشش کریں جیسے کھانے کی تراکیب،کوئی مذہبی میگزین،کوئی ہنر کچھ بھی جس میں آپ کی دلچسپی ہو.٭ گھر کے چھوٹے موٹے کاموں میں بھر پور حصہ لیں.٭ دن میں کم از کم ۸ گلاس پانی ضرور پئیں.٭ مچھلی کا استعمال یاداشت کو بہتر بناتا ہے.٭ اپنے دوستوں اور رشتہ داروں کے لئے بھی کچھ وقت نکالیں.ایسا کرنا بھی آپ کے دماغ کو بہتر بنا سکتا ہے. ٭ عام طور پر جب آپ 55سال سے بڑھنے لگتے ہیں تو پھر دماغ کمزور ہونا شروع ہو جاتا ہے.دماغی امراض بڑھنے کا خدشہ ہوتا ہے .اس لئے اپنے ڈاکٹر سے ضرور رابطے میں رہیں.٭ حساب کتاب کرتے ہوئے کیلکولیٹر کی بجائے اپنے دماغ کا استعمال کریں. ٭