تھانے میں مسجد کی جانب سے پہلی بار ووٹر بیداری کیمپ کا انعقاد،
سنی سرکل مسجد کی کامیاب پہل، عوام نے دستاویزی رہنمائی کے لیے بھرپور شرکت کی
تھانے (آفتاب شیخ)
جلد ہی مہاراشٹر میں اسمبلی انتخابات کا اعلان متوقع ہے، اور مختلف ملی و سماجی تنظیمیں اسمبلی میں اپنی قوم کی نمائندگی و مختلف مطالبات کے پیش نظر عوام کو بیدار کرنے میں سرگرم ہیں۔ اس ضمن میں تھانے شہر میں ملت بیداری مہم کا آغاز کیا گیا۔ اس مہم میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ ملت کے افراد کو رائے دہندگی کے حق کا استعمال یقینی بنانے، سرکاری دستاویزات کی تصحیح، اور الیکشن فہرستوں میں ناموں کے اندراج پر خصوصی توجہ دی جائے۔
اسی سلسلے میں تھانے کے قدیم اور کثیر مسلم آبادی والے علاقہ رابوڑی میں مسجد اشرفیہ، سنی سرکل کی جانب سے ووٹر بیداری مہم کے تحت دو روزہ کیمپ منعقد کیا گیا۔ سنی سرکل کے نائب صدر خان صفدر اشرفی نے بتایا کہ اس کیمپ میں علاقہ کے سینکڑوں افراد نے شرکت کی، جنہوں نے الیکشن فہرستوں میں نئے ناموں کے اندراج، موجودہ ناموں میں درستگی، اور نئے الیکشن کارڈز بنوانے کے لیے آن لائن فارم بھرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ رابوڑی میں کسی مسجد کی جانب سے اس نوعیت کا کیمپ منعقد کیا گیا ہے، اور دیگر مساجد کو بھی اس اقدام کی تقلید کرنی چاہیے تاکہ عوام اپنے دستاویزات کی درستگی بآسانی کروا سکیں۔
سنی سرکل کے خازن عبدالجبار شیخ اور رکن اشیاق اشرفی نے کہا کہ اگر دو روزہ کیمپ کے بعد بھی عوام مزید رہنمائی چاہتے ہیں تو ان کی مدد کے لیے دفتر میں بھی انتظام کیا جائے گا، اور آئندہ بھی اس طرح کے فلاحی کام کیے جائیں گے۔
دارلعلوم محبوب یزدانی سنی سرکل کے ناظم اعلیٰ سید تفضیل اشرف نے ٹرسٹ کی اس پہل کی تعریف کی، جبکہ ٹرسٹ کے ذمہ داران شوکت اشرفی، حاجی ظہیر شیخ اور علاقہ کے نوجوانان نے بھی اس کیمپ میں بھرپور شرکت کی۔ کیمپ کی کامیابی میں انجمن خاندیش کے آفتاب شیخ، سید عباس علی، اکرم خان، رابوڑی خدمت گروپ کے انور شیخ، یوتھ آف ہند کے یوسف شیخ، اور معز ملا نے بھی سنی سرکل کے ساتھ مل کر کام کیا۔ آخر میں، سنی سرکل کے ذمہ داران نے کیمپ کو کامیاب بنانے والے تمام افراد کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔