تھانے میں سڑکوں کی ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت
تمام مسائل فوری حل کرنے کی یقین دہانی
تھانے (آفتاب شیخ)

تھانے میونسپل کارپوریشن اور ایم ایم آر ڈی اے کے زیرِ نگرانی سڑکوں کی ترقیاتی منصوبوں میں درپیش مسائل کو فوری طور پر حل کرنے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ میونسپل کمشنر سوربھ راؤ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ٹریفک نظام کو بہتر بنانے اور ترقیاتی منصوبوں میں پیش آنے والے رکاوٹوں کو جلد دور کیا جائے گا۔ یہ یقین دہانی میونسپل کمشنر سوربھ راؤ کی صدارت میں منعقدہ ایک اہم میٹنگ میں دی گئی، جہاں ایم ایم آر ڈی اے کے ایڈیشنل میٹروپولیٹن کمشنر اشون مدگل بھی موجود تھے۔ اس میٹنگ میں گھوڑبندر روڈ، آنند نگر-ساکیت اُنت روڈ، بالکم-گائمکھ کوسٹل روڈ، اور دیگر اہم ترقیاتی منصوبوں پر غور کیا گیا۔
ایرولی سے کٹائی ناکہ تک ایلیویٹیڈ روڈ کی تعمیر کے لیے اضافی زمین کے حصول کی نظرثانی شدہ تجویز کلکٹر آفس کو بھیجی جائے گی۔ ریاستی حکومت سے بھی اضافی فنڈز کے لیے نظرثانی شدہ تجویز بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
گھوڑبندر روڈ اور سیوا روڈ انٹیگریشن پروجیکٹ میں مہاوترن پاور لائنوں کی منتقلی ایک بڑا چیلنج ہے۔ میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا کہ مہاوترن، ایم ایم آر ڈی اے، اور میونسپل کارپوریشن مشترکہ سروے کے ذریعے ایک ہفتے میں اس مسئلے کے حل کا لائحہ عمل تیار کریں گے۔
میونسپل کمشنر نے محکمہ پارکس کو ہدایت دی کہ ایم ایم آر ڈی اے کے لیے درختوں کی کٹائی پر لی گئی سیکیورٹی ڈپازٹ میں رعایت کی تجویز تیار کریں۔ کٹے ہوئے درختوں کی جگہ نئے درخت لگانے کا خرچ ایم ایم آر ڈی اے اٹھائے گا۔
گائمکھ سے پائیگاؤں کریک پل کے لیے زمین کے حصول اور ماحولیاتی منظوری کی تفصیلی منصوبہ بندی پندرہ دن میں مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ اس منصوبے کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جا سکے۔
تھانے-بوریولی سب وے کی تعمیر کے لیے روزانہ آٹھ لاکھ لیٹر پانی کی ضرورت ہوگی۔ میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا کہ اس منصوبے کے لیے تھانے میونسپل کارپوریشن کے سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ سے ٹریٹڈ پانی فراہم کیا جائے گا۔
میونسپل کمشنر نے تمام محکموں کو ہدایت دی کہ ترقیاتی منصوبوں میں درپیش رکاوٹوں کو فوری طور پر دور کریں تاکہ شہریوں کو بہتر سہولیات مہیا کی جا سکیں۔