ممبئی۔ نیشنلسٹ کانگریس پارٹی- ایس پی نے مذہبی رواداری اور سماجی یکجہتی کے فروغ کے عزم کے ساتھ اجمیر شریف میں خواجہ غریب نواز حضرت خواجہ معین الدین چشتی رحمۃ اللہ علیہ کے عرسِ مبارک کے موقع پر چادر پیش کیا ہے۔ یہ چادر پارٹی کے اقلیتی شعبہ کے قومی صدر سراج مہدی کے ذریعے درگاہ شریف بھیجی گئی، جس کا مقصد امن، بھائی چارے اور قومی یکجہتی کا پیغام عام کرنا تھا۔
یہ چادر علماء کرام، پارٹی کے عہدیداروں اور کارکنوں کے ذریعے درگاہ پر چڑھائی جائے گی اور درگاہ کے سجادہ نشین سید غلام کبریا کے سپرد کی جائے گی۔ خواجہ معین الدین چشتی رحمۃ اللہ علیہ نے محبت، امن اور انسانی خدمت کا پیغام دیا۔ ان کے مزار مبارک پر ہر سال لاکھوں عقیدت مند حاضر ہوتے ہیں، جو ہر قوم و مذہب سے تعلق رکھتے ہیں۔ نیشنلسٹ کانگریس پارٹی-ایس پی کی جانب سے عرس کے موقع پر چادر بھیجنا نہ صرف عقیدت کا اظہار ہے بلکہ اس کا مقصد ملک میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو فروغ دینا بھی ہے۔
پارٹی کے قومی سربراہ شرد پوار نے اس موقع پر زور دیا کہ ہندوستان کی حقیقی طاقت اس کی گنگا-جمنی تہذیب میں ہے، جہاں تمام مذاہب کے لوگ محبت اور بھائی چارے کے ساتھ رہتے ہیں۔ اس اقدام سے پارٹی نے یہ واضح پیغام دیا ہے کہ مذہب کے نام پر نفرت اور تقسیم کی سیاست کی مخالفت کی جائے گی۔ این سی پی کے اس اقدام کو عوامی حلقوں میں بھرپور پذیرائی حاصل ہو رہی ہے۔ اس سے مختلف مذاہب کے لوگوں کے درمیان محبت اور بھائی چارے کے پیغام کو عام کیا گیا۔ پارٹی نے ایک بار پھر ثابت کیا کہ وہ ملک کے تمام طبقات کو ساتھ لے کر چلنے پر یقین رکھتی ہے۔
اس موقع پر نیشنلسٹ کانگریس پارٹی-ایس پی کے قومی رہنما شرد پوار کے علاوہ پارٹی کے اقلیتی شعبہ کے قومی صدر سراج مہدی کے ہمراہ مسلم طبقے کے کئی اہم رہنما بھی موجود تھے۔ ان میں مولانا محمد عرفان علیمی، مولانا غلام نبی رضا، حاجی چاند بابا، مولانا علی احمد، مولانا سعید الرحمن، مولانا اشرفی، مولانا ذوالفقار حیدر رضوی کربلائی، مولانا سجاد الرحمن اور مولانا شاہد الرحمن نمایاں تھے۔
این سی پی کے دیگر اہم رہنما بھی اس موقع پر شریک ہوئے، جن میں سابق وزیرِ مملکت سید علی اشرف، سابق ایم ایل اے ملند (انّا) کامبلے، پارٹی کے ترجمان مہیش تپاسے، اقلیتی شعبہ کے قومی نائب صدر وارث سلیم خان، قومی سیکریٹری محمد اسلم عراقی، اترپردیش اقلیتی شعبہ کے صدر وکرم سنگھ اور این سی پی کے رہنما رشید خان شامل تھے۔
NCP-SP Urdu News 7 January 25.docx
