تھانے میں ’’خبروں کے پیچھے – صحافت کی تربیتی نشست‘‘ کا کامیاب انعقاد؛ صحافیوں کو نیا زاویۂ نظر حاصل

تھانے (آفتاب شیخ)
اطلاعات و تعلقاتِ عامہ ڈائریکٹوریٹ، وزارتِ اطلاعات، ممبئی کے تعاون سے تھانے میں ’’خبروں کے پیچھے – صحافت کی تربیتی نشست‘‘ کے عنوان سے ایک خصوصی پروگرام کامیابی کے ساتھ منعقد کیا گیا۔ اس نشست کا اہتمام کوکن ڈویژنل انفارمیشن آفس، ضلع اطلاعاتی دفتر تھانے، تھانے میونسپل کارپوریشن، اور ضلع و شہر کی مختلف صحافتی تنظیموں کے اشتراک سے کیا گیا۔
یہ تربیتی نشست تھانے میونسپل کارپوریشن کے ’’آنجہانی نریندر بلّاڑ ہال‘‘ میں منعقد ہوئی، جس میں شہری و دیہی علاقوں سے تعلق رکھنے والے صحافیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ پروگرام کا آغاز بھارت رتن ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کے مجسمے اور بزرگ صحافیوں کی تصاویر پر گلپوشی کے ساتھ کیا گیا۔ بال شاستری جامبھیکر اور ’’تھانے ویبھَو‘‘ کے بانی نریندر بلّاڑ کی یادگار خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے پروگرام کا باضابطہ افتتاح کیا گیا۔
اس موقع پر تھانے میونسپل کارپوریشن کے ڈپٹی کمشنر برائے اطلاعات اُمیش براری، کوکن ڈویژنل انفارمیشن آفیسر ارچنا شمبھَرکر، شنکرراو چوہان گولڈن جوبلی صحافی فلاحی فنڈ کے رکن کیلاش مہاپدی، ضلع صحافی سنگھ کے صدر سنجے پیتلے، تھانے شہر دینک پترکار سنگھ کے صدر آنند کامبلے، نئی ممبئی پریس کلب کے صدر منوج جالنوالا، تھانے شہر و ضلع کے دیگر صحافتی انجمنوں کے صدور، عہدیداران اور میڈیا نمائندگان موجود تھے۔
تربیتی نشست میں ایرگونومک پروگرام اسپیشلسٹ اور موٹیویشنل اسپیکر ڈاکٹر مونہ پنکج نے روزمرہ کی زندگی میں توازن اور دباؤ سے نمٹنے کے طریقوں پر سیر حاصل گفتگو کی۔ سابق ڈائریکٹر اطلاعات اور ’’نیوز اسٹوری ٹوڈے‘‘ کے ایڈیٹر دیویندر بھُجبل نے سرکاری اسکیموں، میڈیا کی ذمہ داریوں، اور سرکاری افسران و میڈیا کے درمیان ہم آہنگی پر روشنی ڈالی۔ ماہر ماحولیات وجے کمار کٹّی نے ماحولیاتی تحفظ میں صحافت کے کردار پر تفصیلی گفتگو کی۔
اپنے ابتدائی خطاب میں کوکن ڈویژنل پریس ایکریڈیٹیشن کمیٹی کے صدر منوج جالنوالا نے سرکاری منظوری کے عمل سے متعلق معلومات فراہم کیں اور صحافیوں سے اپیل کی کہ وہ منظوری کے لیے زیادہ سے زیادہ تعداد میں درخواستیں جمع کریں۔ ساتھ ہی درخواست کے دوران پیش آنے والی دشواریوں سے تحریری طور پر آگاہ کرنے کی بھی درخواست کی۔
ڈپٹی کمشنر اُومیش براری نے کہا کہ اس قسم کی تربیتی نشستیں صحافیوں کو نئے انداز سے سوچنے اور اپنے کام کو بہتر بنانے کی تحریک دیتی ہیں۔ انہوں نے موجودہ حکومتی اسکیمات سے استفادہ کرنے کی بھی اپیل کی۔
کیلاش مہاپدی نے اپنے صحافتی تجربات شیئر کرتے ہوئے شاستری جامبھیکر اعزاز یوجنا، شنکرراو چوہان فلاحی فنڈ، اور دیگر اسکیمات سے آگاہ کیا، اور مستحق صحافیوں کو دستاویزات مکمل کر کے فائدہ حاصل کرنے کی ترغیب دی۔
سنجے پیتلے نے اس بات کا یقین دلایا کہ حکومت سے رابطہ کرکے صحافیوں کے فائدے کی شرائط کو مزید آسان بنانے کی کوشش کی جائے گی۔
اس کامیاب نشست کے پیچھے ضلع کلکٹر اشوک شنگارے (آئی اے ایس)، تھانے میونسپل کمشنر سوربھ راؤ (آئی اے ایس)، ڈائریکٹوریٹ کے ڈائریکٹر جنرل برجیش سنگھ (آئی پی ایس)، دیگر ڈائریکٹر صاحبان، اور ضلعی و شہری صحافتی تنظیموں کا بھرپور تعاون شامل رہا۔
تربیتی نشست کے دوران سوال و جواب کے سیشن، تجربات کا تبادلہ، اور مکالماتی ماحول کے ذریعے صحافیوں کو نہ صرف معلوماتی فیض حاصل ہوا بلکہ ایک دوسرے سے سیکھنے کا بہترین موقع بھی ملا۔ شرکاء نے اس نشست کو پیشہ ورانہ نکھار کا ذریعہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے نہ صرف صحافتی میدان میں بہتری آئے گی بلکہ حکومت و میڈیا کے درمیان تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔