ممبئی:12/ جولائی ۔ (ورق تازہ نیوز)مہاراشٹر میں بلدیاتی انتخابات سے قبل سیاسی درجہ حرارت بڑھنے لگا ہے۔ اطلاعات کے مطابق این سی پی (شرد پوار گروپ) کے مہاراشٹر پردیش صدر جینت پاٹل نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ وہ پچھلے سات برسوں سے اس عہدے پر فائز تھے۔ این سی پی کی جانب سے اب ستارا کے سینئر مراٹھا لیڈر اور مغربی مہاراشٹر سے تعلق رکھنے والے ششیکانت شندے کو یہ ذمے داری دیے جانے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ این سی پی میں پردیش صدر کا دورانیہ تین سال کا ہوتا ہے۔ جینت پاٹل مسلسل دو مدتیں اور ایک اضافی سال اس عہدے پر رہ چکے ہیں۔ خاص بات یہ ہے کہ جینت پاٹل نے 10 جون کو پارٹی کے یوم تاسیس کے موقع پر منعقدہ تقریب میں عوامی طور پر عہدہ چھوڑنے کی خواہش ظاہر کی تھی۔ اس وقت مقامی پارٹی کارکنان جذباتی ہوگئے تھے اور ان کے خطاب کو درمیان میں ہی روک کر اس فیصلے کی مخالفت کی تھی۔
امکان ہے کہ اگلے ہفتے اس سلسلے میں باضابطہ اعلان ہوگا۔ این سی پی 15 جولائی کو ایک اہم اجلاس منعقد کرے گی۔