شمالی ترکی کے صوبے بارتین میں ایک کوئلے کی کان میں دھماکے سے کم از کم 40افراد ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ درجنوں افراد ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔
دھماکے کے وقت کان میں 300 میٹر گہرائی میں تقریباً 110 افراد کام کر رہے تھے۔ترکی کے وزیرِ صحت فہرتین کوشا نے بتایا کہ 11 لوگوں کو بچا لیا گیا ہے اور ان کا علاج کیا جا رہا ہے۔
امدادی کارکنان پوری رات چٹانیں ہٹا کر متاثرین تک پہنچنے کی کوشش کرتے رہے۔
ویڈیو فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بحرِ اسود کے ساحلی شہر اماسیا میں واقع اس کان سے پراگندہ حال کان کن باہر نکل رہے ہیں۔
گمشدہ افراد کے دوستوں اور رشتے داروں کو بھی کان کے پاس اپنے پیاروں کی خبر سننے کے لیے بے تاب کھڑے دیکھا جا سکتا ہے۔
خیال کیا جا رہا ہے کہ یہ دھماکہ 300 میٹر کی گہرائی میں ہوا۔ ترک وزیرِ داخلہ سلیمان سوئلو نے کہا کہ 300 سے 350 میٹر کی ’پرخطر‘ گہرائی میں کوئی 49 افراد کام کر رہے تھے۔ سوئلو نے موقع پر موجود میڈیا نمائندگان کو بتایا کہ ’ایسے لوگ بھی ہیں جنھیں ہم نکالنے میں ناکام رہے ہیں۔‘
اس دھماکے کی وجہ اب تک معلوم نہیں ہو سکی ہے اور مقامی حکام نے اس کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ترکی کے وزیرِ توانائی نے کہا کہ ابتدائی اشاروں کے مطابق یہ دھماکہ فائرڈیمپ کی وجہ سے ہوا جو کوئلے کی کان میں میتھین گیس سے بننے والا دھماکہ خیز ملغوبہ ہوتا ہے۔