کولکتہ: بی جے پی آئندہ لوک سبھا انتخابات میں مغربی بنگال کے کسی حلقہ سے اسٹار کرکٹر محمد شامی (سمیع) کو اپنا امیدوار بنانے پر غور کر رہی ہے۔محمد شامی رانجی ٹرافی میں بنگال کی نمائندگی کرتے ہیں اور ریاست کے لئے گھریلو کرکٹ بھی کھیلتے رہتے ہیں حالانکہ وہ اصل میں اترپردیش سے تعلق رکھتے ہیں۔انڈیا ٹوڈے میں چھپی ایک رپورٹ کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ بی جے پی قیادت
اس تجویز کے ساتھ محمد شامی سے رجوع ہوچکی ہے اور ان کے جواب کا انتظار کررہی ہے۔ تاہم کرکٹر نے ابھی اس سلسلہ میں کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے۔ی الحال محمد شامی ایک حالیہ سرجری سے صحت یاب ہونے کے لئے آرام کررہے ہیں۔واضح رہے کہ وزیراعظم نریندر مودی نے فاسٹ بولر کی سرجری کے بعد ان کی جلد صحت یابی کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا تھا۔
محمد شامی ہندوستان کی ون ڈے ورلڈ کپ مہم کے بعد سے کرکٹ سے دور ہیں۔ ورلڈ کپ میں انہوں نے سات میچوں میں 10.70 کی اوسط اور 12.20 کے اسٹرائیک ریٹ سے 24 وکٹیں لے کر ٹیم کو فائنل تک پہنچنے میں مدد کی۔آسٹریلیا کے خلاف ورلڈ کپ فائنل میں شکست کے بعد پی ایم مودی نے ڈریسنگ روم میں انفرادی طور پر تمام کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور انہیں تسلی دی تھی۔
انہوں نے ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی پر محمد شامی کی تعریف بھی کی اور انہیں گلے لگایا تھا۔