بی جے پی وشیوسینا حکومت کو دفن کردو: اشوک چوہان

گوندیا:11جنوری ( ورق تازہ نیوز) ریاستی بی جے پی وشیوسینا حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ایم پی اشوک چوہان نے آج یہاں عوام سے آئندہ انتخابات میں بی جے پی وشیوسینا کو دفن کردینے کی اپیل کی ہے۔ کانگریس کی جانب سے ریاستی سطح پر جاری جن سنگھرش یاترا کے پانچویں مرحلے کے دوسرے روز گوندیا میں عوام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اقتدار میں شامل بی جے پی وشیوسینا ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں۔ ریاست کو پستی میں ڈھکیلنے والی اس حکومت کو آئندہ انتخابات میں دفن کردیجئے۔ یہاں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے اشوک چوہان نے کہا کہ بی جے پی کے لیڈران نے اقتدرا میں آنے سے قبل عوام کو گمراہ کرنے کے لئے جو دل میں آیا وعدے کئے تھے، لیکن ان میں سے ایک بھی وعدہ انہوں نے پورا نہیں کیا۔ اس کے برخلاف مسلسل جھوٹ بول کر عوام کو دھوکہ دیا۔جھوٹ بولنے میں بی جے پی نے عالمی ریکارڈ قائم کردیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں کسان روزآنہ خودکشی کررہے ہیں، ان کی پیدوار کو مناسب قیمت نہیں دی جاری ہے۔ پڑوس کی ریاست چھتیس گڑھ میں کانگریس حکومت فی کوئینٹل دھان کو ڈھائی ہزار روپئے قیمت دے رہی ہے ، لیکن مہاراشٹر کے کسانوں کو صرف ۶۱سو سے ۷۱سوروپئے ہی دیئے جارہے ہیں۔ اشوک چوہان نے مطالبہ کیا کہ ریاستی حکومت نے دھان پیدا کرنے والے کسانوں کو کو فی کوئنٹل ۸سو روپئے بونس دے۔ اشوک چوہان نے کہا کہ طالب علموں کو سرکاری وظائف وقت پر نہیں مل رہے ہیں۔ آدیواسی ودلت طالب علموں کو ہاسٹل میں دیا جانے والا کھانا حکومت نے بند کردیا ہے۔ ریاست میں خواتین پر ہونے والے مظالم میں اضافہ ہوا ہے۔ ریاست کا ایک بھی طبقہ حکومت کے کام کاج سے مطمئن نہیں ہے۔ ایک ساتھ اقتدار میں رہ کر بدعنوانی کرنے والی بی جے پی وشیوسینا نے چار سالوں میں ریاست کو عمیق گہرائیوں میں ڈھکیل دیا ہے اور اب یہ دونوں پارٹیاں ایک دوسرے کو پٹخنے کی باتیں کررہی ہیں۔ ریاست کو لوٹنے والی اس حکومت کو آئندہ حکومت میں دفن کردو۔ اس جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ریاستی اسمبلی میں حزبِ اختلاف لیڈر رادھا کرشن ویکھے پاٹل نے بھی ریاستی حکومت کی کسان مخالف پالیسیوں پرجم کر تنقید کی۔

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading