بی جے پی ایم پی برج بھوشن کے بیٹے کے قافلہ کی کار نے بائیک سواروں کوروند ڈالا

لکھنؤ: قیصر گنج، اترپردیش کے موجودہ رکن پارلیمنٹ برج بھوشن شرن سنگھ کے بیٹے کرن سنگھ کے قافلہ کی ایک گاڑی نے دو موٹر سائیکل سواروں کو کچل دیا۔ اس حادثہ میں دو لوگوں کی موت ہو گئی اور ایک خاتون کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے جس کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔
تفصیلات کے بموجب کرن بھوشن کا قافلہ گونڈہ کے کرنل گنج-حضر پور روڈ پر گزر رہا تھا۔ قافلہ کی ایک فارچیونر کار نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی۔ یہ حادثہ کرنل گنج کوتوالی علاقہ کے چھتئی پوروا کے قریب پیش آیا۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر تفتیش شروع کر دی۔ حادثہ اتنا خوفناک تھا کہ کار کا اگلا حصہ تباہ ہوگیا۔

آپ کو بتاتے چلیں کہ اس بار بی جے پی نے برج بھوشن شرن سنگھ کا ٹکٹ منسوخ کر کے ان کے بیٹے کرن سنگھ کو قیصر گنج سے اپنا امیدوار بنایا ہے۔ کرن سنگھ لوک سبھا انتخابات کے دوران اپنے قافلے کے ساتھ حضور پور جا رہے تھے۔ اس دوران ان کے قافلے کی فارچیونر کار نے اوور ٹیک کرنے کی کوشش کرتے ہوئے دو موٹر سائیکل سواروں کو کچل دیا۔

اس خوفناک حادثہ میں موٹر سائیکل سوار دونوں کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ قریب بیٹھی خاتون شدید زخمی ہوگئی۔ خاتون کو علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ جاں بحق افراد کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading