بی جےپی لیڈر کی بھتیجی کی مسلم نوجوان سے شادی،سوشل میڈیا پر زبردست تنقید

لکھنو ۔:22۔فروری ۔ مسلم لڑکے اور ہندو لڑکی کی شادی کو بی جےپی اور سنگھ پریوار کے لوگ لو جہاد کا نام دیتے ہیں اور اس کے نام پر عام ہندوؤں کو بھڑکانے کی کوششیں کرتے ہیں۔ لیکن اس مرتبہ بی جے پی کے سینئر رہنما سوشل میڈیا پر گھر گئے ہیں۔ دراصل آر ایس ایس پرچارک اور بی جے پی کے موجودہ قومی جنرل سکریٹری (تنظیم) رام لال گپتا کی بھتیجی شریا گپتا نے اتوار کی شب لکھنؤ کے ایک فائیو اسٹار ہوٹل میں مسلم نوجوان فیضان کریم کے ساتھ شادی کی ہے۔ فیضان گورکھپور کے رہائشی ہیں اور فلم انڈسٹری سے وابستہ ہیں۔دولہا، دلہن کو آشیرواد دینے کے لئے اتر پردیش کے گورنر رام نائیک، مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور مختار عباس نقوی، اتر پردیش کے نائب وزرائے اعلیٰ کیشو پرساد موریہ اور ڈاکٹر دنیش شرما، شہری ترقی کے وزیر سریش کھنہ، جہازرانی کے وزیر نند گوپال نندی سمیت کئی وزرا اور پارٹی سے وابستہ عہدیداران پہنچے۔وی آئی پی لوگوں کے آنے جانے کی وجہ سے ہوٹل کے آس پاس کافی دیر تک جام کی صورت حال بنی رہی کیونکہ دیر رات گئے تک حکومت کے وزرا اور سینئر رہنما اپنی موجودگی درج کرانے کے لئے پہنچتے رہے۔فیضان اور شریا کی شادی کے بعد سوشل میڈیا پر لوگوں نے طنز کرنے شروع کر دیئے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ طنز کرنے والوں میں بی جے پی کے دو سابق وزرا بھی شامل ہیں۔بی جے پی کے سابق وزیر آئی پی سنگھ نے شادی کی تصویر ٹوئٹر پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا، ’’ہمارے پارٹی کے بڑے نیتا دنیا بھر میں ہندتوا کا گیان بانٹتے پھرتے ہیں کہ اسلام سے خطرہ ہے اور خود اپنی بہن بیٹی کو سنبھال نہیں پاتے، وہ مسلمانوں کے ساتھ بھاگ جاتی ہیں۔ اس کو ’لو جہاد‘ نہیں بولیں گے، کیونکہ یہ ان کے خاندان کا معاملہ ہے، لعنت ہے۔‘‘ان کے اس ٹوئٹ کے بعد کئی سیاسی جماعتوں کے رہنما اور کارکنان سوشل میڈیا پر کمنٹ کرتے نظر آنے لگے۔

بھیم آرمی کے سربراہ چندر شیکھر نے بھی اس شادی کی تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے بی جے پی رہنماؤں پر نشانہ لگایا۔ انہوں نے لکھا، ’’آج آر ایس ایس کے پرچارک اور بی جے پی کے تنظیمی جنرل سکریٹری رام لال جی کی بھتیجی شریا گپتا کی شادی فیضان کریم کے ساتھ لکھنؤ میں ہوئی۔ میری طرف سے پورے آر ایس ایس پریوار کو مبارک باد، ایک گزارش ہے، برائے کرم لوگوں کو بھی اسی طرح پیار محبت سے جینے دیں۔‘‘

کانگریس رہنما پریم نارائن سنگھ نے لکھا، ’’آج آر ایس ایس پرچارک اور بی جے پی کے تنظیمی جنرل سکریٹری رام لال جی کی بھتیجی شریا گپتا کی شادی فیضان کریم کے ساتھ لکھنؤ میں ہوئی۔ بھکتوں کو نیا جیجا مبارک۔ اب کہاں گئے سماج میں ’لوجہاد‘ پر زہر گھولنے والے؟‘‘

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading