پٹنہ 17 اپریل ( یواین آئی ) بہار میں کورونا وائرس سے متاثر دوسرے مریض کی موت آج پٹنہ کے آل انڈیا انسٹی چیوٹ آف میڈیکل سائنس ( ایمس ) میں ہوگئی ۔ ایمس انتظامیہ کے ذرائع نے یہاں بتایاکہ 14 اپریل کو ایمس میں ویشالی ضلع کے 35 سالہ ایک شخص کو داخل کرایا گیا ۔ اس وقت اسے بخار تھا ۔ اس کے بعد اس کا سیمپل جانچ کیلئے بھیجا گیا ۔ 15 اپریل دیر شام آئی رپورٹ میں اس کے کورونا وائر س پازیٹیو ہونے کی تصدیق ہوئی تھی ۔ اس کا علاج چل رہا تھا لیکن آج اس کی موت ہوگئی ۔ وہ ویشالی ضلع کا پہلا متاثر مریض تھا ۔
ذرائع نے بتایاکہ ایمس نے اس کی موت کی وجہ کورونا پازیٹیو اور ملٹی آرگن کا فیل ہونا بتایا ہے ۔
اسے انسیفلائٹس کے ساتھ ملٹی پل انفیکشن یعنی کئی انفیکشن بھی تھے ۔ متوفی نوجوان قبل میں ٹی بی مریض ( ٹیبورو کلوسس ۔ ٹی بی ) سے بھی متاثر رہا تھا ۔ متوفی کی لاش کو فی الحال ایمس کے مردہ خانہ میں رکھا گیا ہے ۔
ذرائع نے بتایا کہ اس کے تین رشتے دار کی بھی جانچ ہوئی ہے ۔ سبھی کی رپورٹ منفی پائی گئی ہے ۔ بہار میں کورونا سے ہونے والی دونوں اموات پٹنہ ایمس میں ہوئی ہیں۔ متوفی کی کوئی ٹریول ہسٹری نہیں رہی ہے ۔ اس نے پٹنہ ایمس میں داخل ہونے سے قبل بائی پاس اور خسرو پور کے اسپتال میں بھی جانچ کرائی تھی ۔ کورونا وائرس سے متاثر بہار میں پہلی موت مونگیر ضلع کے چورمبا گاﺅں باشندہ سیف علی کی ہوئی تھی ۔
سیف کی موت 21 مارچ 2020 کو پٹنہ ایمس میں ہوئی تھی اور 22 مارچ کو اس کی رپورٹ کورونا پازیٹیو آئی تھی ۔ متوفی سیف کو کڈنی کی بیماری تھی ۔ کچھ دن قبل ہی وہ قطر سے اپنے گاﺅں چورمبا لوٹا تھا ۔ طبیعت خراب ہونے پر سیف کو علاج کیلئے مونگیر کے نیشنل ہاسپیٹل لے جایا گیا تھا ۔ اس کے بعد اسے پٹنہ کے پرائیوٹ اسپتال میں داخل کرایا گیا ۔