میٹا پر بچوں کو سوشل میڈیا کی لت لگانے کا سنگین الزام عائد کیا جاتا رہا ہے۔ اس معاملہ میں میٹا کو مقدمہ کا بھی سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ تازہ ترین اطلاع کے مطابق امریکہ میں بچوں اور نوعمروں کی حفاظت سے متعلق ایک بڑے مقدمے کو ختم کرنے کے لیے میٹا نے ایک سمجھوتہ کیا ہے۔ میٹا اس معاملے میں تقریباً 17 ارب ڈالر ادا کرے گی اور بچوں کے لیے اپنی ایپس میں کئی بڑی تبدیلیاں گی۔ ان میں فیس بک اور انسٹاگرام پر ملا کر دن میں 2 گھنٹے کی ڈیفالٹ حد اور رات 12 بجے سے صبح 6 بجے تک استعمال پر پابندی شامل ہے۔
دراصل امریکہ کی کئی ریاستوں کے اٹارنی جنرل نے 2023 میں میٹا پر مقدمہ کیا تھا۔ الزام تھا کہ کمپنی نے فیس بک اور انسٹاگرام میں ایسے فیچر بنائے ہیں، جن سے بچوں اور نوعمروں کے ذریعہ ان ایپس کا استعمال ضرورت سے زیادہ بڑھتا ہے۔ ریاستوں کا کہنا تھا کہ اس سے بچوں کی ذہنی اور جسمانی صحت کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ کمپنی پر لوگوں اور والدین کو ان خطرات کے بارے میں گمراہ کرنے کا بھی الزام لگا۔ اس معاملے کی سماعت اگست 2026 میں کیلیفورنیا کی وفاقی عدالت میں شروع ہوئی تھی۔ سمجھوتہ ہونے کے بعد اب یہ مقدمہ ٹرائل کے طور پر آگے نہیں چلے گا، تاہم حتمی منظوری عدالت کو دینی ہے۔
اس رقم کو لے کر الگ الگ اعداد و شمار سامنے آئے ہیں۔ کیلیفورنیا کے اٹارنی جنرل کے مطابق سمجھوتے میں ریاستوں کو 17 ارب ڈالر تک مل سکتے ہیں۔ میٹا نے اپنے بیان میں کل ادائیگی تقریباً 18 ارب ڈالر بتائی ہے۔ غیر ملکی میڈیا نے سمجھوتے کی زیادہ سے زیادہ رقم تقریباً 16.68 ارب ڈالر بتائی ہے۔ اس رقم کا بڑا حصہ طے شدہ ہے، جبکہ تقریباً 5 ارب ڈالر سے زیادہ حصہ کچھ شرائط پر منحصر ہے۔ یہ اضافی رقم تبھی جاری ہوگی جب یوٹیوب اور ٹک ٹاک بھی بچوں کے لیے اسی طرح کے حفاظتی اقدامات کریں اور طے شدہ رقم ادا کریں۔ میٹا نے کہا ہے کہ وہ اس سمجھوتے کے لیے 2026 کی تیسری سہ ماہی میں تقریباً 10 ارب ڈالر کا قانونی خرچ درج کرے گی۔
بہرحال، فیس بک اور انسٹاگرام میں سب سے بڑا بدلاؤ 18 سال سے کم عمر صارفین کے لیے ہوگا۔ ان کے لیے دن میں 2 گھنٹے کی حد طے کی جائے گی۔ یعنی فیس بک اور انسٹاگرام کو ملا کر روزانہ 2 گھنٹے کی ڈیفالٹ حد ہوگی۔ اسے ہٹانے کے لیے والدین کی اجازت ضروری ہوگی۔ دونوں ایپس پر گزارا گیا وقت اسی مجموعی حد میں شمار ہوگا۔ ایک بڑی تبدیلی یہ کی جائے گی کہ رات میں ایپس بند رہیں گی۔ دی گئی جانکاری کے مطابق رات 12 بجے سے صبح 6 بجے تک نوعمر فیس بک اور انسٹاگرام کا استعمال نہیں کر سکیں گے۔ علاوہ ازیں صبح 8 بجے سے دوپہر 3 بجے تک ڈیفالٹ طور پر نوٹیفکیشن میوٹ رہیں گے۔ تاہم براہ راست پیغامات اور سیکورٹی سے متعلق ضروری الرٹ آتے رہیں گے۔