برے پھنسے ارنب گوسوامی، ایک نئے معاملے میں ممبئی پولس نے کیا طلب، بھرنا ہوگا 10 لاکھ کا بانڈ

ممبئی:ریپبلک ٹی وی کے ایڈیٹر ان چیف ارنب گوسوامی کی مشکلیں دن بہ دن بڑھتی ہی جا رہی ہیں۔ ٹی آر پی گھوٹالہ میں جانچ چل ہی رہی تھی کہ اب ممبئی پولس نے مزید ایک نوٹس بھیج دیا ہے۔ ورلی ڈویژن کے اے سی پی نے انھیں سی آر پی سی سیکشن 108(1) (اے) کے تحت نوٹس بھیجا ہے۔ یہ سیکشن چیپٹر پروسیڈنگ سے جڑا ہے۔ چیپٹر پروسیڈنگ میں اے سی پی رینک کے افسر کو مجسٹریٹ کے اختیار ملے ہوتے ہیں۔ اس کا فرضی ٹی آر پی کیس سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔

ارنب گوسوامی کو ممبئی میں ورلی ڈویژن کے اے سی پی نے اشتعال انگیز باتیں کرنے کے الزام میں نوٹس بھیجا ہے۔ انھیں 16 اکتوبر کو پوچھ تاچھ کے لیے طلب کیا گیا ہے۔

ارنب گوسوامی پر پولس کا الزام ہے کہ انھوں نے پالگھر میں سنتوں کے قتل پر اپنے پروگرام میں مذہبی جذبات مشتعل کرنے کا کام کیا۔ دوسرا معاملہ باندرا میں جمع ہوئی بھیڑ کا ہے۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ دونوں پروگراموں کے دوران لاک ڈاؤن ہونے کی وجہ سے فساد بھڑکنے سے بچ گیا۔ قابل ذکر ہے کہ ارنب کے علاوہ ممبئی پولس نے ریپبلک ٹی وی چینل کے ایک دیگر صحافی پردیپ بھنڈاری کو بھی کچھ دنوں پہلے کھار کے ایک کیس میں سمن بھیجا تھا۔